اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے نیب، ایف آئی اے اور پولیس سے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات طلب کر لی ہیں۔ عدالت نے کیس کی سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی کی بہنیں بھی موجود رہیں۔
بانی پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے دلائل دیے کہ دو سال قبل درخواست دائر کی گئی تھی اور اس دوران نیب، ایف آئی اے اور دیگر اداروں کی طرف سے نوٹسز جاری کیے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے خلاف انتقامی کارروائی آئین کے خلاف ہے اور بانی پی ٹی آئی کے خلاف مجموعی طور پر 127 مقدمات درج ہیں۔
سلمان صفدر نے عدالت سے استدعا کی کہ اس کیس کی سماعت کے لیے لارجر بینچ تشکیل دیا جائے، جیسا کہ ماضی میں سیاسی کیسز میں کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے نے سائفر کیس بھی درج کیا جس میں سزا ہوئی تھی لیکن اسلام آباد ہائی کورٹ نے بعد میں سزا ختم کر دی۔
اسپیشل پروسیکیوٹر نیب عبدالرافع نے کہا کہ مقدمات کی تازہ تفصیلات فراہم کرنے کے لیے وقت دیا جائے اور لارجر بینچ کی تشکیل کی استدعا کی مخالفت کی۔
جسٹس اعظم خان نے ریمارکس دیے کہ مقدمات کی تفصیلات موصول ہونے کے بعد لارجر بینچ کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔ عدالت نے پولیس، ایف آئی اے اور نیب سے تفصیلات طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔
