اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کا ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹ بند کرنے سے متعلق درخواست سماعت کے لیے مقرر کر لی۔ عدالت 4 نومبر کو اس کیس کی سماعت کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے رجسٹرار آفس نے مقدمے کی کاز لسٹ جاری کر دی ہے، جس کے تحت جسٹس ارباب محمد طاہر کیس کی سماعت کریں گے۔ عدالت نے عمران خان سمیت نیشنل سائبر کرائم ایجنسی، سپرنٹنڈنٹ جیل اور دیگر متعلقہ فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کیا ہے۔
یہ درخواست شہری غلام مرتضیٰ کی جانب سے وکیل بیرسٹر ظفر اللہ کے توسط سے دائر کی گئی ہے، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ عمران خان کے ایکس اکاؤنٹ سے قید کے دوران مبینہ طور پر بدنیتی پر مبنی اور اشتعال انگیز ٹوئٹس پوسٹ کی جا رہی ہیں، جنہیں فوری طور پر ہٹایا جائے اور ان کے اکاؤنٹ کو بلاک کیا جائے۔
درخواست میں عدالت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے اکاؤنٹ سے ایسے مواد کی اشاعت روکی جائے جو عوامی انتشار یا غلط فہمی کا باعث بن سکتا ہے۔ کیس کی سماعت آئندہ ہفتے متوقع ہے، جس میں عدالت تمام فریقین کے دلائل سن کر فیصلہ کرے گی۔







