اسلام آباد میں پاکستان کی میزبانی میں “ریجنل چیفس آف ڈیفنس اسٹاف کانفرنس” کا کامیاب انعقاد ہوا، جس میں امریکا سمیت وسطی ایشیا کے کئی ممالک کے اعلیٰ فوجی حکام نے شرکت کی۔ یہ اجلاس علاقائی سلامتی، عسکری سفارت کاری اور اسٹریٹجک تعاون کو فروغ دینے کی جانب ایک غیر معمولی قدم ثابت ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس اہم اجلاس میں امریکہ، قازقستان، کرغیزستان، تاجکستان اور ازبکستان کے اعلیٰ عسکری رہنماؤں نے شرکت کی، جہاں سیکیورٹی تعاون، تربیتی تبادلے اور انسداد دہشت گردی جیسے موضوعات پر سیر حاصل گفتگو ہوئی۔
کانفرنس کا تھیم “روابط کو مضبوط، امن کو یقینی بنانا” تھا، جس میں شریک ممالک نے فوجی تعاون کو فروغ دینے، تربیتی پروگرامز کو وسعت دینے اور مشترکہ خطرات کے خلاف عملی اقدامات کے عزم کا اعادہ کیا۔
فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر نے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور اس بات پر زور دیا کہ پیچیدہ ہائبرڈ خطرات اور سرحد پار سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تزویراتی ہم آہنگی، عسکری تعاون اور باہمی اعتماد ناگزیر ہو چکے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان خطے کو پرامن، محفوظ اور ترقی یافتہ بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔
اعلیٰ سطحی مذاکرات میں خطے کی اسٹریٹجک صورتحال، سائبر سیکیورٹی، پرتشدد انتہا پسندی، اور انسانی بنیادوں پر بحرانوں سے نمٹنے کے طریقہ کار پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
شرکا نے پاکستان کی قیادت، میزبانی اور وژن کو سراہتے ہوئے فوجی سفارت کاری کے مستقبل بین اقدامات کو ایک اہم کامیابی قرار دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ کانفرنس پاکستان کے اس عزم کی عکاسی کرتی ہے جو وہ مشترکہ سلامتی، علاقائی یکجہتی اور تزویراتی تعاون کے لیے مسلسل نبھا رہا ہے۔
