آج کی تاریخ

اسلام آباد جانے کیلئے 5600 روپے ملنے پر ہاکی ٹیم کے کپتان نے اسپورٹس بورڈ کی دعوت ٹھکرا دی

لاہور: پاکستان ہاکی ٹیم کے کپتان عماد شکیل بٹ نے پاکستان اسپورٹس بورڈ کی جانب سے دیے گئے ظہرانے میں شرکت سے معذرت کرلی۔
ذرائع کے مطابق پاکستان اسپورٹس بورڈ نے عماد شکیل بٹ کو اسلام آباد میں منعقدہ ظہرانے میں شرکت کی دعوت دی اور ان کے سفر کے لیے 5600 روپے بطور سفری اخراجات فراہم کیے۔ تاہم عماد شکیل نے اس رقم پر شکریہ ادا کرتے ہوئے شرکت سے انکار کر دیا۔
عماد شکیل نے اپنے ردعمل میں کہا کہ اتنی قلیل رقم تو صرف ٹول پلازہ کی ادائیگی پر خرچ ہو جاتی ہے، ایسے میں اسلام آباد آنا غیر مناسب ہوگا۔
واضح رہے کہ اس ظہرانے کے لیے پاکستان ہاکی ٹیم کے چھ کھلاڑیوں کو مدعو کیا گیا تھا جن میں سفیان خان، رانا وحید، عبداللہ، منیب الرحمان اور حنان شاہد بھی شامل ہیں۔
علاوہ ازیں پاکستان اسپورٹس بورڈ نے دیگر کھیلوں سے تعلق رکھنے والے معروف کھلاڑیوں کو بھی اس ظہرانے میں شرکت کی دعوت دی ہے، جن میں اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم اور ویٹ لفٹنگ چیمپئن نوح دستگیر بھی شامل ہیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں