آج کی تاریخ

اسرائیل کا ایران کو سنگین انتباہ: حملے کی بھاری قیمت چکانا پڑے گی، نیتن یاہو

اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو نے ایران کو سخت انتباہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل پر حملے کی قیمت تہران کو بھاری چکانا پڑے گی۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق نیتن یاہو نے الزام عائد کیا کہ ایرانی میزائلوں نے سروکا اسپتال سمیت وسطی اسرائیلی علاقوں کی شہری آبادی کو نشانہ بنایا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسپتال جیسی حساس تنصیبات پر حملے ناقابل برداشت ہیں، اور ایرانی قیادت کو اس سنگین اقدام کا خمیازہ بھگتنا ہوگا۔
ادھر اسرائیلی وزیر دفاع یوآف گیلنٹ نے بھی ایران کو کھلی دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ حملے کا جواب براہ راست ایران کی قیادت، خاص طور پر سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کو دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ خامنہ ای بنکر میں چھپ کر اسرائیلی عوام پر حملے کروا رہے ہیں، اور اب ان کی حکومت کو صفحۂ ہستی سے مٹانے کا وقت آ گیا ہے۔
اسرائیلی وزیر دفاع نے مزید کہا کہ اسرائیلی فوج کو ایران کے خلاف کارروائیوں میں تیزی لانے کی ہدایت دے دی گئی ہے، تاکہ تہران میں موجود خطرات کا خاتمہ کیا جا سکے۔
یاد رہے کہ ایران نے آج صبح ایک بار پھر اسرائیلی شہروں پر بیلسٹک میزائلوں کی بارش کی، جس کے نتیجے میں 50 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں متعدد کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں