آج کی تاریخ

اسرائیل نے غزہ پر حملوں سے قبل امریکہ کو آگاہ کیا، 20 فلسطینی شہید

تل ابیب: اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے انکشاف کیا ہے کہ اسرائیل نے غزہ پر تازہ فضائی حملوں سے قبل امریکی حکام کو اپنے منصوبے سے آگاہ کر دیا تھا
ذرائع کے مطابق، تل ابیب حکومت نے واشنگٹن کو پیشگی اطلاع دی، تاہم امریکی انتظامیہ کی جانب سے اس کی نہ تو تصدیق کی گئی اور نہ ہی تردید۔
اسرائیلی وزیرِ اعظم کی ہدایت پر صیہونی افواج نے غزہ کے متعدد علاقوں کو نشانہ بنایا۔ بمباری کے دوران ایک میزائل الشفاء اسپتال کے عقب میں گرا، جس سے مریضوں اور طبی عملے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
عرب میڈیا کے مطابق، تازہ حملوں میں 20 فلسطینی شہید ہوئے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 10 اکتوبر کو جنگ بندی معاہدے کے بعد اسرائیل اب تک 125 بار خلاف ورزی کر چکا ہے، جن میں 94 فلسطینی اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔
یاد رہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی 10 اکتوبر کو طے پائی تھی، جس پر 13 اکتوبر کو مصر کے شہر شرم الشیخ میں امریکا، قطر، ترکیہ اور مصر کی ثالثی میں دستخط کیے گئے تھے، مگر چند روز بعد ہی اسرائیلی افواج نے دوبارہ غزہ پر حملے شروع کر دیے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں