اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے غزہ کے شہریوں کو فوری طور پر علاقے سے نکلنے کی سخت ہدایت دی ہے، کیونکہ اسرائیلی فوج نے فلسطینی علاقے میں زمینی اور فضائی کارروائیوں کو تیز کر دیا ہے۔
نیتن یاہو نے ایکس پر جاری ویڈیو بیان میں کہا کہ پچھلے دو دنوں میں 50 دہشت گرد ٹاورز کو تباہ کیا جا چکا ہے اور یہ صرف ابتدائی مرحلہ ہے۔ غزہ میں زمینی کارروائیاں مزید شدت اختیار کریں گی اور مقامی لوگوں کو صاف صاف وارننگ دی گئی ہے کہ وہ فوراً علاقے سے نکلیں۔
עדכון חשוב >> pic.twitter.com/P7DhwMaSaG
— Benjamin Netanyahu – בנימין נתניהו (@netanyahu) September 8, 2025
اسرائیلی فوج نے غزہ شہر میں زبردست بمباری شروع کر دی ہے جسے انہوں نے “ہوا کے طوفان” کے طور پر بیان کیا۔ ساتھ ہی حماس کو خبردار کیا کہ اگر یرغمالیوں کو آزاد نہ کیا گیا اور ہتھیار نہ ڈالے گئے تو پورا علاقہ مکمل تباہی کے خطرے میں ہے۔
اسرائیلی دفاعی وزیر اسرائیل کاتز نے ٹوئٹر پر کہا کہ آج غزہ شہر کے آسمانوں پر زبردست حملے ہوں گے اور دہشت گرد ٹاورز کی چھتیں زمین بوس ہو جائیں گی۔ انہوں نے حماس کے لیے آخری وارننگ دی کہ یرغمالیوں کو فوری طور پر آزاد کروایا جائے یا غزہ کا مکمل صفایا ہو جائے گا۔
واضح رہے کہ اسرائیل کی فوج نے دو روز قبل غزہ شہر کے ایک 12 منزلہ عمارت کو تباہ کیا تھا، جہاں بے گھر خاندان مقیم تھے۔ فوج نے تین گھنٹے قبل ہی لوگوں کو اور آس پاس کے ہزاروں خیموں میں مقیم افراد کو نکلنے کی ہدایت دی تھی۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ یہ عمارت حماس کے دہشت گرد آپریشنز اور جاسوسی کے لیے استعمال ہو رہی تھی۔