اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اسرائیلی جارحانہ اقدامات مشرق وسطیٰ کے امن کو خطرے میں ڈال رہے ہیں اور پورے خطے میں عدم استحکام کو ہوا دے رہے ہیں۔
وزیراعظم نے مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کے حالیہ واقعے پر شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اسرائیلی وزرا کی سرپرستی میں قابض فوج کی نگرانی میں انتہا پسند آبادکاروں کے مسجد اقصیٰ پر دھاوے کو سختی سے مسترد کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام کے مقدس ترین مقامات میں سے ایک کی بے حرمتی سے دنیا بھر کے کروڑوں مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے۔ یہ عمل نہ صرف عالمی قوانین بلکہ انسانیت کے مشترکہ ضمیر پر بھی حملہ ہے۔ اسرائیل کی جانب سے اس نوعیت کی اشتعال انگیزی اور غاصبانہ عزائم خطے میں امن کو مزید کمزور کر رہے ہیں۔
وزیراعظم نے ایکس (سابق ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں کہا کہ اسرائیل دانستہ طور پر خطے میں کشیدگی بڑھا رہا ہے جس کے نتیجے میں مشرق وسطیٰ مزید تنازعات اور غیر یقینی صورتحال کی طرف بڑھ رہا ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ پاکستان ایک بار پھر فوری جنگ بندی، ہر قسم کی جارحیت کے خاتمے، اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ایک باوقار اور خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کا اعادہ کرتا ہے، جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔
