واشنگٹن: سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا کی بڑی فارماسیوٹیکل کمپنیوں کو سخت انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر 60 دن کے اندر ادویات کی قیمتوں میں واضح کمی نہ کی گئی تو سخت حکومتی اقدامات کیے جائیں گے۔
ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ٹروتھ سوشل” پر کہا کہ انہوں نے 17 بڑی دوا ساز کمپنیوں کو خطوط ارسال کیے ہیں جن میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ادویات کی قیمتوں کو فوری طور پر عالمی سطح کے مطابق کم کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ دوا ساز کمپنیوں کی طرف سے موصول ہونے والے جوابات انتہائی مایوس کن ہیں، جن میں صرف بہانے بازی اور صنعت کو فائدہ دینے والی پالیسیاں بیان کی گئی ہیں، عوام کی مشکلات کا کوئی ذکر نہیں۔
یاد رہے کہ رواں سال مئی میں ٹرمپ نے ادویات کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے ایک حکم نامہ جاری کیا تھا، اب انہوں نے انتباہ کیا ہے کہ اگر عملدرآمد نہ ہوا تو فارما کمپنیوں پر اضافی محصولات عائد کیے جائیں گے۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ یہ اقدام امریکی شہریوں کو ادویات کی مہنگائی کے بوجھ سے نکالنے کی کوشش کا حصہ ہے۔
