آج کی تاریخ

اختر کالرو کی طرح ایک اور وی سی نے یونیورسٹی کھاتے میں گھر پر مہنگا سولر سسٹم لگوا لیا

ملتان(سٹاف رپورٹر)جنوبی پنجاب کی ایک یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے یونیورسٹی فنڈ سے 15 لاکھ روپے میں ملتان سے 600 کلومیٹر دور واقع ایک شہر میں اپنی نجی رہائش گاہ پر سولر سسٹم نصب کروا لیا ہے یہ سولر سسٹم (ت) نامی ایک ٹھیکے دار فرم نے لگوا کر دیا ہے اور اس کی تنصیب کیلئے لیبربھی جنوبی پنجاب ہی سے بھیجی گئی جو کہ یونیورسٹی فنڈ سے وائس چانسلر کی رہائش گاہ کے علاقے میں ایک ہوٹل میں ٹھہرائی گئی۔ توجہ طلب امر یہ ہے کہ مذکورہ وائس چانسلر اپنی ایمانداری اور خود نمائی کے حوالے سے یونیورسٹی میں موضوع بحث رہتے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ( ت) نامی ٹھیکیدار کو مختلف مدات میں نصف سے زائد ادائیگی کر دی گئی ہے اور بقیہ رقم کے لیے بھی مختلف کھاتوں کا پیٹ بھرا جا رہا ہے۔ یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ این ایف سی یونیورسٹی کے سپریم کورٹ کے حکم سے برخاست شدہ وائس چانسلر ڈاکٹر اختر کالرو نے بھی نوا ب پور میں واقع اپنی اور اپنے بھائیوں کی رہائش گاہوں کے علاوہ ہیڈ محمد والہ کے علاقے میں واقع اپنے فش فارمز پر بھی یونیورسٹی کے کھاتے میں سولر سسٹم لگوائے تھے اور یہ سولر سسٹم اس ٹھیکیدار نے گفٹ کئےتھے جس نے این ایف سی میں سولر سسٹم لگایا تھا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں