بہاولپور (کرائم سیل) ایف ائی اے کی کمزور گرفت اور مک مکا کے باعث تحصیل احمد پور شرقیہ میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے تحت مستحق خواتین کو ملنے والی امدادی رقم میں مبینہ بڑے پیمانے پر کرپشن، ریٹیلرز رمضان المبارک میں “عیدی مہم” کے نام پر 1500 سے 2000 روپے تک غیر قانونی کٹوتیاں کر رہے ہیںجبکہ پروگرام میں شامل کرانے اور سروے کے نام پر ہزاروں روپے وصول کرنے کے الزامات بھی سامنے آ رہے ہیں۔ متاثرہ خواتین کا کہنا ہے کہ اگر وہ اعتراض کریں تو انہیں آئندہ رقم نہ ملنے کا خوف دکھایا جاتا ہے۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ تحصیل میں پروگرام کے انچارج عامر شہزاد کلاچی، جو موضع سکھیل کے رہائشی بتائے جاتے ہیں، نے علاقے میں بعض خواتین ایجنٹس مقرر کر رکھی ہیں۔ الزام ہے کہ یہ ایجنٹس مستحق خواتین کو پروگرام میں شامل کروانے یا سروے کروانے کے نام پر فی کس تقریباً 5000 روپے وصول کرتی ہیں اور بعد ازاں مبینہ طور پر اس رقم کی بندربانٹ کی جاتی ہے۔ پل فاروق آباد کے علاقے میں ایک ریٹیلر غلام مصطفیٰ آرائیں کے بارے میں بھی دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ وہ بعض بینک اہلکاروں اور پروگرام کے عملے کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہےجبکہ واہی جوگیاں میں بھی مبینہ طور پر اسی طرز کی شکایات سامنے آ رہی ہیں ۔ ذرائع کے مطابق مبارک پور میں ایک خاتون افسر زہرا میڈم سیدزادی نے چند مقامات پر چیکنگ کی تو بعض خواتین کی رقم میں 2000 سے 3000 روپے تک کٹوتی پائی گئی تاہم مقامی سطح پر مبینہ طور پر معاملہ بعد میں دبا دیا گیا۔متاثرہ خواتین اور شہریوں نے حکومت، ایف آئی اے اور دیگر متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں ۔







