تازہ ترین

احمد پور شرقیہ: ایس ایچ او تھانہ صدر منشیات فروش نکلا گرفتاری کے ڈر سے فرار، ملزم گرفتار

بہاولپور ،احمدپورشرقیہ(کرائم سیل،تحصیل رپورٹر، نمائندہ خصوصی) پیسے کے زور پر ناتجربہ کار افسر کی بطور ایس ایچ او تعیناتی، لالچ اور اختیارات کے ناجائز استعمال نے ایک بار پھر بہاولپور پولیس کو شدید بدنامی سے دوچار کر دیا، تھانہ سمہ سٹہ میں تفتیشی دور کے دوران برآمد ہونے والی منشیات اپنے ہی ذاتی ملازم کے ذریعے فروخت کرتے ہوئے سی سی ڈی کے ہاتھوں بے نقاب ہونے والے ایس ایچ او صدر احمد پور شرقیہ دلبر حسین کا مکروہ چہرہ سامنے آ گیا۔ سی سی ڈی ذرائع کے مطابق مقامی مخبروں کے ذریعے دو کلو کرسٹل آئس کی خریداری 10 لاکھ روپے میں کروائی جا رہی تھی، جس پر سی سی ڈی سٹی سرکل کی ٹیم نے چار روز تک خفیہ نگرانی کے بعد اڈہ سبیل سے دریا کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے سراج احمد ولد راجو خان، جو سابقہ ایس ایچ او دلبر حسین کا ذاتی ملازم اور ریکارڈ یافتہ کریمنل ہے، کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ سراج احمد ماضی میں میلسی کے ایک مقدمے میں بھی گرفتار رہ چکا تھا اور ضمانت پر رہائی کے بعد دوبارہ اپنے آقا کے ساتھ منشیات کے دھندے میں ملوث تھا۔ دورانِ تفتیش ملزم نے انکشاف کیا کہ برآمد ہونے والی آئس ایس ایچ او صدر احمد پور کی ہے اور اس کے کرائے کے مکان میں مزید منشیات موجود ہے، جس پر سی سی ڈی اور مقامی پولیس نے چھاپہ مارا تو وہاں سے 43 کلو کے قریب منشیات برآمد کر لی گئی۔ پولیس نے دو علیحدہ مقدمات درج کیے، ایک مقدمہ دو کلو آئس پر سراج احمد کے خلاف جبکہ دوسرا بھاری مقدار میں منشیات برآمد ہونے پر ایس ایچ او دلبر حسین کے خلاف درج کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق دلبر حسین واردات کے انکشاف کے بعد موبائل فون بند کر کے غائب ہو گیا تھا، تاہم غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق پولیس ٹیموں نے اسے گرفتار کر لیا ہے اور ڈی پی او بہاولپور نے اسے نوکری سے برخاست کر دیا ہے، جبکہ اس کے ذاتی ملازم سراج احمد کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔ تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ برآمد ہونے والی آئس کا تعلق تھانہ سمہ سٹہ میں دلبر حسین کے تفتیشی دور میں ضبط کی گئی منشیات سے ہے، جبکہ بھاری مقدار میں برآمد ہونے والی چرس کے بارے میں تاحال کوئی مصدقہ مؤقف سامنے نہیں آ سکا۔ افسوسناک امر یہ ہے کہ بغیر میرٹ اور پیسے کے زور پر ایس ایچ او لگوانے والے مبینہ سہولت کار تاحال محفوظ دکھائی دیتے ہیں، جس پر عوامی و سماجی حلقوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔ دوسری جانب ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بہاولپور رانا عبدالوہاب نے ضلع بھر میں منشیات فروشوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت بلاامتیاز سخت کارروائی کے احکامات جاری کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں منشیات کے ناسور کے خاتمے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، کسی بھی پولیس افسر یا اہلکار کے ملوث پائے جانے کی صورت میں اس کے خلاف محکمانہ اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جبکہ شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ منشیات کے خلاف پولیس کا ساتھ دیں، فراہم کردہ معلومات کو مکمل طور پر صیغۂ راز میں رکھا جائے گا اور منشیات سے پاک بہاولپور کے قیام تک بلا تفریق کارروائیاں جاری رہیں گی۔

شیئر کریں

:مزید خبریں