آج کی تاریخ

احمد آباد طیارہ حادثہ، وزیراعظم سمیت اہم رہنماؤں کا اظہار افسوس

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے بھارت کے شہر احمد آباد میں پیش آنے والے طیارہ حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ احمد آباد کے قریب بھارتی ائیرلائن کا مسافر طیارہ حادثے کا شکار ہوا جس پر دل گرفتہ ہوں۔ انہوں نے حادثے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کے لواحقین سے اظہار ہمدردی اور تعزیت کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ ہماری دعائیں اور نیک خواہشات اس سانحے سے متاثرہ افراد کے ساتھ ہیں۔
اس سے قبل سابق وزیراعظم نواز شریف، خواجہ آصف، چیئرمین پیپلزپارٹی اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھی اس اندوہناک حادثے اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی ظاہر کی ہے۔
واضح رہے کہ بھارتی ایئرلائن ایئر انڈیا کا مسافر طیارہ احمد آباد سے لندن روانہ ہو رہا تھا کہ پرواز کے فوراً بعد حادثے کا شکار ہوگیا اور ایک رہائشی عمارت سے ٹکرا کر تباہ ہو گیا۔ حادثے میں اب تک 242 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ حکام کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔
طیارہ حادثے میں ایک مسافر معجزانہ طور پر زندہ بچ گیا جس کی شناخت رمیش کے نام سے ہوئی ہے، زخمی حالت میں اُسے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ریسکیو حکام کے مطابق زندہ بچنے والا مسافر ہوش میں ہے اور گفتگو کر رہا ہے۔
حادثے کے مقام سے کئی جھلس کر ناقابل شناخت لاشیں برآمد ہوئی ہیں جنہیں ضابطے کی کارروائی اور شناخت کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں