بھارتی ریاست اتراکھنڈ میں کیدارناتھ سے گپت کاشی جانے والا ایک ہیلی کاپٹر جنگل میں گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں 7 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
رپورٹس کے مطابق آریان ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہوا، جس میں چھ یاتری اور ایک پائلٹ سوار تھے۔ یہ واقعہ صبح پانچ بج کر 20 منٹ پر اس وقت پیش آیا جب پرواز کے صرف 10 منٹ بعد ہی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا۔ حادثے کے بعد ملبے میں آگ بھڑک اٹھی جس کے باعث لاشیں ناقابل شناخت ہو گئیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کیدارناتھ مندر کھلنے کے بعد چھ ہفتوں کے دوران یہ پانچواں ہیلی کاپٹر حادثہ ہے، جس کے بعد یاتریوں میں شدید خوف و ہراس پیدا ہوگیا ہے۔ 7 جون کو بھی ایک ہیلی کاپٹر دورانِ پرواز تکنیکی خرابی کے باعث حادثے سے بال بال بچا تھا۔
بھارتی فضائیہ اور سول ایوی ایشن کی مسلسل ناکامیاں اب کھل کر سامنے آ رہی ہیں۔ اندرونی بدانتظامی، تکنیکی خامیاں اور غیر پیشہ ورانہ رویے حادثات کی بنیادی وجوہات بن چکے ہیں۔ مودی حکومت کی کرپشن اور اقربا پروری نے فضائی شعبے کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔
رپورٹس کے مطابق پچھلے ایک ماہ میں بھارتی فضائیہ اور سول ایوی ایشن کے کئی طیارے اور ہیلی کاپٹر تباہ ہو چکے ہیں۔ 12 جون کو ایئر انڈیا کی لندن جانے والی پرواز احمد آباد میں گر کر تباہ ہوگئی، جس میں 241 مسافر ہلاک ہوئے۔
8 مئی کو اتراکھنڈ کے ضلع اتراکاشی میں ایک اور ہیلی کاپٹر حادثے میں 6 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 5 جنوری کو گجرات میں کوسٹ گارڈ کا ہیلی کاپٹر گرنے سے 3 افراد مارے گئے۔
بھارت میں گزشتہ دو سال کے دوران مسلسل پیش آنے والے طیارہ اور ہیلی کاپٹر حادثات نے فضائی شعبے کی ناکامیوں کو مزید نمایاں کر دیا ہے۔ مبصرین کے مطابق مودی حکومت کی کرپشن اور نااہل تقرریاں اس تباہی کی بنیادی وجوہات ہیں۔
