ابدالی روڑپر دو قانون،رمادہ کو کلین چٹ، کارڈیالوجی کے باہر ٹریفک چالان کی چٹ

ابدالی روڑپر دو قانون،رمادہ کو کلین چٹ، کارڈیالوجی کے باہر ٹریفک چالان کی چٹ

ملتان(سٹاف رپورٹر)ٹریفک پولیس ملتان کے دوہرے معیار اور دوہری پالیسی کا عالم یہ ہے کہ ابدالی روڈ پر محض دو فرلانگ کے علاقے میں ٹریفک پولیس کارڈیالوجی سنٹرآنے والے مریضوں کے لواحقین پر جہاں عذاب بن کر جھپٹتی ہے وہیں رمادہ ہوٹل کے سامنے سڑک پر پارک شدہ گاڑیوں کے خلاف کارروائی کا تصور بھی نہیں کر سکتی ۔جنوبی پنجاب کے دور دراز شہروں سے پرائیویٹ گاڑیوں کے ڈرائیورز مریض لے کر آتے ہیں ان کیلئےمریض کو اتارنا اور ایک منٹ کیلئے بھی گاڑی روکنا 2 ہزار روپے چالان کا باعث بنتا ہے اور دوسری طرف یہی گاڑی رمادہ کے سامنے پارک ہو جائے تو کوئی بھی آنکھ اٹھا کر نہیں دیکھتا۔ مریض اور ان کے لواحقین جن گاڑیوں پر کارڈیالوجی سنٹر ملتان آتے ہیں انہیں نہ ہی ہسپتال کے اندر پارکنگ میں داخل ہونے دیا جاتا ہے اور نہ ہی وہ سڑک پر کسی جگہ گاڑی پارک کر سکتے ہیں۔ افسوس ناک امر یہ ہے کہ کارڈیالوجی سنٹر کے ایم ایس نے ہسپتال کی نئی عمارت کی بیسمنٹ میں پارکنگ کو عوام کیلئے ممنوع قرار دے دیا ہے اور نئی بلڈنگ کی پارکنگ میں کوئی گاڑی داخل ہی نہیں ہو سکتی۔ سکیورٹی کے بہانے مریضوں اور ان کے لواحقین کیلئے پارکنگ کا نہ ہونا ایک مسلسل عذاب بن چکا ہے۔ ٹریفک پولیس کا عملہ دن بھر اسی انتظار میں رہتا ہے کہ کب کوئی دوسرے شہر سے بھلا بسرا رینٹ اے کار والا آئے اور وہ اپنا 2 ہزار روپے کھرا کر سکیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں