ابدالی روڈ رمادہ ہوٹل کے پارکنگ سٹینڈ میں تبدیل ،ٹریفک پولیس کا 20 سال سے استثنیٰ

ابدالی روڈ رمادہ ہوٹل کے پارکنگ سٹینڈ میں تبدیل ،ٹریفک پولیس کا 20 سال سے استثنیٰ

ملتان(سٹاف رپورٹر)شہر بھر میں غریب اور کمزور موٹر سائیکل سواروں کے ہزاروں کے حساب سے روزانہ چالان کر کے لاکھوں روپے کما کر دینے والی ملتان کی ٹریفک پولیس ابدالی روڈ پر کارڈیالوجی سنٹر کے تقریباًبالمقابل رمادہ ہوٹل کی انتظامیہ کے سامنے گزشتہ دو دہائیوں سے گھٹنے ٹیکے ہوئے ہے۔ملتان کا یہ ہوٹل پاکستان میں واحد مثال ہے کہ جس کے پاس انتہائی مختصر پارکنگ ہے اور مہمانوں کی گاڑیوں نے ابدالی روڈ کے دونوں اطراف کو پارکنگ سٹینڈ بنا رکھا ہے۔چوک نواں شہر سے کارڈیالوجی سنٹر جانے والے مریض اور خصوصی طور پر دل کے دورے کی وجہ سے جلدی میں پہنچنے والے اکثر یہاں گاڑیوں میں پھنسے دکھائی دیتے ہیں اور جب کبھی یہاں کوئی تقریب ہو تو ابدالی روڈ کا یہ حصہ مکمل طور پر بلاک ہوتا ہے۔ ٹریفک پولیس ملتان کے گزشتہ 20 سال کے دوران کئی سربراہ تبدیل ہوئے مگر کسی کو رمادہ ہوٹل کے سامنے موجود غیر قانونی پا رکنگ ختم کرنے کی توفیق نہ ہوئی ۔بلدیہ ملتان نے بھی اس ہوٹل کو خصوصی عنایات سے نوازا ہوا ہے اور یہی وجہ ہے کہ ابدالی روڈ کے فٹ پاتھ کا ایک نمایاں حصہ دیوار بنا کر ہوٹل انتظامیہ نے اپنی حدود میں شامل کر رکھا ہے اور کسی بھی سرکاری ادارے کو آج تک کارروائی کی جرات نہیں ہو سکی جبکہ حیران کن امر یہ ہے کہ اسی طرح کے دیگر ہوٹلوں کے سامنے کھڑی گاڑیوں کا چالان کر دیا جاتا ہے اور ٹریفک پولیس کے اہلکار دیگر ہوٹلوں کے سامنے اس تاڑمیں رہتے ہیں کہ کب کوئی گاڑی پارک ہو اور وہ چالان کی پرچی پر قلم کی چھری چلائیں مگر رمادہ پر مسلسل عنایات کا سلسلہ اب تیسری دہائی میں داخل ہو چکا ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں