آج کی تاریخ

آن لائن جوا ایپس میں خطرناک حد تک اضافہ، نوجوان نسل کھیل کھیل میں کنگال

بہاولپور (سپیشل رپورٹر ) ملک بھر میں موبائل فون پر جوا کھیلنے والی ایپس کی تعداد میں خطرناک حد تک اضافہ ہو گیا ہے۔ یہ ایپس نوجوان نسل کو تیزی سے اپنی لپیٹ میں لے رہی ہیںجس کے باعث لاکھوں خاندان بربادی کا شکار ہو چکے ہیں۔ان خطرناک گیمز میں نمایاں نام Teen Patti Gold، Rummy Circle، Ludo Supreme، PokerStars، MPL (Mobile Premier League)، Dream11، WinZo Games اور Parimatch شامل ہیں۔ یہ ایپس بظاہر تفریح، گیم یا سپورٹس کی شکل میں پیش کی جاتی ہیںمگر درحقیقت یہ جوئے، سٹے اور آن لائن جوا بازی کے بڑے اڈے بن چکی ہیں۔متاثرہ شہریوں کے مطابق ان گیمز میں لوگ ابتدا میں معمولی رقم لگا کر کھیلنا شروع کرتے ہیںپھر انعامات اور ڈبل کرنےکے خواب دکھا کر انہیں مکمل طور پر لت میں مبتلا کر دیا جاتا ہے۔ نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ لوگ اپنی جمع پونجی، زیورات، بچوں کی فیسیں، حتیٰ کہ کرایہ تک جوا میں ہار دیتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق یہ ایپس نہ صرف مالی نقصان کا باعث ہیں بلکہ ڈپریشن، ذہنی امراض، خاندانی جھگڑے، طلاق اور جرائم جیسے خطرناک نتائج بھی پیدا کر رہی ہیں۔ کئی نوجوان قرض کے بوجھ تلے دب کر خودکشی جیسے انتہائی اقدام تک جا پہنچے ہیں سوال یہ ہے کہ ان ایپس کو کنٹرول کرنے کے ذمہ دار ادارے کب حرکت میں آئیں گے؟ PTA، FIA اور دیگر متعلقہ ادارے کیوں خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں؟ یہ صرف ایک ایپ نہیں بلکہ پوری نسل کی تباہی کا منصوبہ ہے۔ والدین، اساتذہ، علمائے کرام اور میڈیا سے گزارش ہے کہ اس ڈیجیٹل زہر کے خلاف شعور اجاگر کریں۔ اگر اب بھی خاموشی اختیار کی گئی تو آنے والی نسلیں صرف موبائل پر نہیں زندگی کے ہر میدان میں ہار جائیں گی۔

شیئر کریں

:مزید خبریں