ملتان(روزنامہ قوم )ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے کہا ہے کہ محکمہ موسمیات کے مطابق 27 سے 29 اپریل تک اسلام آباد، مری،راولپنڈی اٹک،چکوال،جہلم،گوجرانوالہ،سیالکوٹ اور لاہور میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان موجود ہے جبکہ 27 اپریل سے 3 مئی تک جنوبی پنجاب (ملتان،ڈی جی خان،بہاولنگر اور ساہیوال)میں بارش اور چند مقامات پر ژالہ باری کا امکان موجود ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ موجودہ موسمی حالات میں بے موسمی بارشوں اور آندھی کے باعث گندم، کپاس مکئی اور چارہ کی فصلات متاثر ہونے کا اندیشہ موجود ہے لہذٰا کاشتکار اپنی فصلات کی دیکھ بھال کے لئے ریڈیو اور ٹیلی ویژن سے نشر ہونے والے موسمی پیغامات کو توجہ سے سنیں اور اگر بارش یا آندھی کا خطرہ ہو تو گندم کی کٹائی روک دیں اور کٹی ہوئی گندم کو ترپال یا شیٹ لے کر ڈھانپ دیں۔بارش رکنے کے بعد گیلی گندم کو چبوترے پر ڈال کر دھوپ لگوائیں۔ کاشتکار گندم کی کٹائی فصل کے پوری طرح پکنے پر شروع کریں۔ کاشتکار گندم کی کٹائی کے بعد بھریاں قدرے چھوٹی باندھیں اور سٹّوں کا رُخ اوپر کی طرف رکھیں۔کھلواڑے چھوٹے رکھیں اور اونچے کھیتوں میں کھلیان لگائیں اور پانی کی نکاسی کے لئے اردگرد کھالی بنائیں۔ صوبہ پنجاب میں کپاس کی بوائی کا عمل جاری ہے۔موجودہ موسمی حالات میں بارش ہونے کی صورت میں کپاس کی بوائی روک دیں اور بارش ہونے کی صورت میں پانی خشک ہونے کے بعد کپاس کی بوائی شروع کریں۔اگر ژالہ باری سے کپاس کی بیجی ہوئی فصل کو نقصان پہنچے تو موسم ٹھیک ہونے پر دوبارہ بوائی شروع کریں۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ مکئی کے کاشتکاراپنے کھیتوں سے بارش کا پانی ساتھ موجود خالی کھیت میں منتقل کریں تا کہ مرطوب موسم کے باعث مکئی کے پودے مرنے سے محفوظ رہیں نیز مرطوب موسم میں مکئی کے پودوں پر کیڑے مکوڑوں اور بیماریوں کا خطرہ بھی موجود ہوتا ہے اس لئے کاشتکار محکمہ زراعت کے مقامی عملے کے مشورہ سے انتظامات کریں۔چارہ کی فصلات سے بھی پانی خالی کھیتوں میں یا فصل کے اردگرد کھائی کھود کر زائد پانی کو کھائی میں منتقل کر دیں۔کاشتکار تمام کاشتی اُمور محکمہ موسمیات کی ریڈیو یا ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والی پیشن گوئی کو مدِ نظر رکھتے ہوئے سرانجام دیں تاکہ نقصان سے محفوظ رہیں۔







