آر یا پار، ڈیڑھ کروڑ ایرانی جنگ کیلئے رجسڑ

تہران،واشنگٹن(نیوزایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) امریکاکی ایران کی پوری تہذیب ختم کرنے کی دھمکی پرایرانیوں نے سروں پرکفن باندھ لئے،تقریباً ڈیڑھ کروڑایرانیوں نے امریکااوراسرائیل سے جنگ کیلئے رجسٹریشن کرالی۔ایرانی صدرپزشکیان نےکہاہےکہ وہ خودبھی ایران کیلئے قربانی دینے والوں میں شامل ہیںاور رہیں گے۔دوسری جانب ڈیڈلائن ختم ہونےسےقبل ہی امریکا ،اسرائیل نےایران کے آئل ٹرمینل، پلوں پروار کئے جس میں35 افرادشہیدہوگئے،اسرائیلی حملے میںتہران میں یہودی عبادت گاہ تباہ ہوگئی،ایران نے سعودی عرب میں پیٹروکیمیکل کمپلیکس پر حملہ کردیا۔ایران نےکویت میں امریکی ایئر بیس پربھی حملہ کیاجس میں15 فوجی زخمی ہونےکادعویٰ کیاگیاہے، چین نے پاکستان کی فعال ثالثی کی کوششوں کی حمایت کردی،سعودی عرب نے18 حملہ آور ڈرونز تباہ کرنے کا دعویٰ کیاہے۔تفصیل کےمطابق عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اگر ایران نے آبنائے ہرمز کو فوری طور پر بحری آمد و رفت کے لیے نہ کھولا تو ایک پوری تہذیب ختم ہوجائے گی جو دوبارہ کبھی واپس نہیں آئے گی۔صدر ٹرمپ نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ میں نہیں چاہتا کہ ایسا ہو لیکن غالباً ایسا ہو جائے گا۔ تاہم اب جب کہ مکمل اور کلی رجیم چینج ہو چکی ہے۔ زیادہ سمجھدار اور کم شدت پسند ذہن غالب آ سکتے ہیںتو شاید کچھ انقلابی اور حیران کن مثبت تبدیلی بھی ممکن ہو۔ یہ دنیا کی طویل اور پیچیدہ تاریخ کے اہم ترین لمحات میں سے ایک ہوگا۔ 47 سال کی بلیک میلنگ، کرپشن اور خونریزی کا خاتمہ ہوجائے گا۔دوسری جانب وائٹ ہاؤس نے ایران کے خلاف ایٹمی ہتھیاروں کے استعمال پر غور کی تردید کر دی۔برطانوی میڈیا کے مطابق وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ ایران کے خلاف ایٹمی ہتھیاروں کے استعمال پر غور نہیں ہو رہا۔ادھرایران کے وزیر داخلہ نے کہا ہےکہ ملک بھر سے ایک کروڑ 40 لاکھ افراد نے امریکا اور اسرائیل کیخلاف لڑنے کیلئے خود کو رجسٹرڈکرالیا ہے۔ایرانی وزیر داخلہ کا کہنا ہےکہ 10 روز پہلے عوام سے کہا گیا تھا کہ وہ ملک کی خود مختاری یقینی بنانےکیلئے ایرانی فوج میں شامل ہوں جس پر بھر پور ردعمل سامنے آیا ہے اور 14ملین افراد 10 روز کے اندر خود کو رجسٹرڈ کراچکے ہیں اور یہ سلسلہ جاری ہے۔ایرانی میڈیا نے اس سلسلے میں ایک ویڈیو بھی جاری کی ہے جس میں سیستان ایران سے تعلق رکھنے والوں کو ایران کیلئے لڑنے کی خاطر تیار دکھایا گیا ہے۔ایرانی صدر مسعود پزشکیان کا کہنا ہے کہ ایک کروڑ 40لاکھ سے زائد قابل فخر ایرانی وطن کےدفاع میں رضاکارانہ طورپر جانیں قربان کرنےکے لیےتیارہونے کا اعلان کرچکے ہیں۔مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس پر ٹوئٹ کرتے ہوئے ایرانی صدر نے کہا میں خود بھی ایران کے لیے قربانی دینے والوں میں شامل ہوں اور رہوں گا۔علاوہ ازیں گزشتہ روز ایران پر ہونے والے امریکی و اسرائیلی حملوں میں جاں بحق افراد کی تعداد 35 ہوگئی ہے جن میں سے 18 البروز صوبے، 9 شہریار، 6 پردیس اور 2 کاشان میں نشانہ بنے۔ایرانی میڈیا کے مطابق امریکا اور اسرائیل نے خارگ جزیرے میں جس آئل ٹرمینل کو نشانہ بنایا ہے وہ ملک کا کلیدی تیل برآمدی مرکز ہے جہاں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔سوشل میڈیا پر باخبر صحافی باراک ریوڈ نے امریکی حکام کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ خارگ جزیرے پر فوجی اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ادھرایران نے سعودی شہر جوبیل میں پیٹروکیمیکل کمپلیکس کو نشانہ بنایا ہے جس سے وہاں خوفناک آگ بھی بھڑک اُٹھی ۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کی پاسداران انقلاب نے تصدیق کی ہے کہ سعودی عرب کے پیٹروکیمیکل کمپلیکس پر حملہ امریکی اور اسرائیلی حملوں کے جواب میں کیا گیا۔پاسداران انقلاب کے بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ سعودی پیٹرو کیمیکل کمپلیکس کو میڈیم رینج میزائلز اور کئی خودکش ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ سعودی عرب میں حملہ امریکا اور اسرائیل کے خاص طور پر ایران کے آسالویہ پیٹرول کیمیکل پلانٹس پر رات بھر ہونے والے متعدد دھماکوں کا جواب ہے۔ سعودی عرب کے سادارا کمپلیکس اور دیگر تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔ سادارا کمپلیکس میں سعودی آرامکو اور ڈاؤ کی 20 ارب ڈالر کی مشترکہ سرمایہ کاری ہے۔دوسری جانب سعودی وزارت دفاع کے مطابق مشرقی صوبے کی جانب داغے گئے7 بیلسٹک میزائلوں کو فضائی دفاع نے ناکارہ بنایا تاہم مار گرائے جانے میزائلوں کا ملبہ گرنے سے توانائی کے بعض ہلکے انفراسٹرکچر کے قریب نقصان ہوا۔قبل ازیںاسرائیل نے جنگ کے 39 ویں روز بھی جارحیت جاری رکھی اور ایران کے شہری انفراسٹرکچر پر بمباری کی جس سے تہران میں ایک یہودی عبادت گاہ مکمل تباہ ہو گئی، ایران نے بھی جوابی حملوں میں امریکی تنصیبات اور اسرائیلی فوجی اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل نے ایران کا سب سے بڑا پیٹرو کیمیکل پلانٹ تباہ کر دیا ہے، پاسداران انقلاب کا مالیاتی نظام منظم طور پر ناکارہ بنا رہے ہیں، ایران کے دو بڑے پیٹرو کیمیکل کمپلیکس کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں ایران کی 85 فیصد سے زیادہ پیٹرو کیمیکل برآمدات غیر فعال ہو گئی ہیں۔ادھر اسرائیلی وزارت صحت نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 107 اسرائیلی فوجی زخمی ہوئے جبکہ جنگ کے آغاز سے اب تک 7 ہزار سے زائداسرائیلی فوج زخمی ہوچکے ہیں۔امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی افواج نے جنگ کے دوران ایران میں 13 ہزار سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا ہے، یہ بیان سوشل میڈیا پر جاری کیا گیا۔سینٹ کام کے مطابق 155 سے زائد ایرانی بحری جہازوں کو بھی نقصان پہنچایا گیا یا تباہ کر دیا گیا ہے۔ایران کی اعلیٰ فوجی قیادت نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکیاں وہم پر مبنی قرار دے دیں۔ایرانی اعلیٰ مشترکہ فوجی کمان نے بیان میں کہاکہ مشرق وسطیٰ میں امریکا کو رسوائی کا سامنا ہے، ٹرمپ کی دھمکیاں مشرقِ وسطیٰ میں امریکاکی ذلت اور رسوائی کی تلافی نہیں کرسکتیں، نہ ہی یہ خطے میں امریکا کی ناکامیوں کو چھپا سکتی ہیں۔ بیان میں واضح کیا گیا کہ دھمکیوں اور دباؤ سے نہیں جھکیں گے۔ ایرانی حکام نے خبردار کیا کہ خطے میں کشیدگی کو بڑھانے کی ذمہ داری امریکا پر عائد ہوگی۔دوسری جانب چین نے پاکستان کی جانب سے جاری فعال سفارتی اور ثالثی کی کوششوں کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ خطے میں امن کے قیام کے لیے کی جانے والی تمام مثبت کوششوں کا خیر مقدم کرتا ہے۔چینی وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق چین پاکستان سمیت دیگر ممالک کی طرف سے کشیدگی کم کرنے اور تنازعات کے حل کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہتا ہے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں سفارتکاری اور مذاکرات ہی مسائل کا واحد مؤثر حل ہیں۔بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کی جانب سے ثالثی کے لیے کی جانے والی کوششیں خطے میں استحکام کے لیے اہم کردار ادا کر سکتی ہیں، اور چین ان اقدامات کی مکمل حمایت کرتا ہے۔چینی وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ کشیدگی میں کمی کے لیے مشترکہ کردار ادا کرے اور ایسے اقدامات سے گریز کرے جو صورتحال کو مزید خراب کر سکتے ہیں۔دوسری جانب ایران نے امریکا اور اسرائیل کو بھرپور جواب دیتے ہوئے کویت میں امریکی ایئر بیس پر ڈرون حملہ کر دیا جس کے باعث 15 فوجی زخمی ہوگئے۔پینٹا گون نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ جنگ میں زخمی فوجیوں کی تعداد 373 ہوگئی، حیفا میں طیاروں کو ایندھن فراہم کرنے والی ریفائنری تباہ ہوگئی،کویت میں العدیدی بیس کو میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنایا گیا، امریکی اور اسرائیلی بحری جہازوں پر بھی حملے کئے گئے۔ایران کے اہم جزیرے خارگ میں دھماکوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں جب کہ غیرملکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی اور اسرائیلی طیاروں نے جزیرے پر بمباری کی ہے تاہم اس حوالے سے باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق منگل کے روز ایران کے جزیرے خارگ میں زور دار دھماکے سنے گئے ہیں، جن کے بعد علاقے میں صورت حال کشیدہ بتائی جا رہی ہے۔ رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ امریکی اور اسرائیلی طیاروں نے جزیرے کو نشانہ بنایا اور حملوں کے دوران اہم تنصیبات کو نقصان پہنچا۔میڈیا ذرائع کے مطابق مبینہ حملے میں جزیرہ خارگ کی جیٹی بھی تباہ ہوگئی ہے تاہم ایرانی حکام کی جانب سے اس حوالے سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔علاوہ ازیںہنگری کے دارالحکومت بڈاپیسٹ میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے امریکہ کے نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ امریکہ ’بنیادی طور پر‘ ایران میں اپنے مقاصد حاصل کر لیے ہیں۔جے ڈی وینس نے کہا کہ ایک یہ کہ ’ایران ایک نارمل ملک بن جائے، وہ دہشگردی کی مالی معاونت ختم کرے، وہ دنیا کے کاروباری نظام کا حصہ بن جائے۔‘ان کے مطابق دوسرا آپشن یہ ہے کہ ’اگر ایران مذاکرات نہیں کرتا تو اس کی اقتصادی صورتحال مزید خراب ہوتی جائے گی۔ادھرسعودی عرب کی وزارت دفاع نے کہا کہ اس نے گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران ڈرونز اور بیلسٹک میزائلوں کی ایک سیریز کو روک کر تباہ کر دیا ہے، جن میں مشرقی صوبے کو نشانہ بنانے والے 18 ڈرون اور سات بیلسٹک میزائل شامل ہیں۔سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے نے سعودی حکومت کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی کے حوالے سے بتایا کہ گزشتہ گھنٹوں کے دوران 18 ڈرونز کو روک کر تباہ کر دیا گیا ہے۔قبل ازیں سعودی وزارت نے کہا تھا کہ اس نے مشرقی صوبے کی طرف داغے گئے سات بیلسٹک میزائلوں کو بھی روک کر تباہ کر دیا ہے۔ ملبہ توانائی کی تنصیبات کے قریب گرا جس پر حکام نے کہا کہ نقصان کا تخمینہ ابھی جاری ہے۔وزارت نے اسی علاقے کو نشانہ بنانے والے چار بیلسٹک میزائلوں کو روکنے کی اطلاع دی۔دوسر ی جانب اسرائیلی فوج کے ایران کے ساتھ ساتھ غزہ پر بھی حملے جاری رہے۔قابض فوج نے مغازی پناہ گزین کیمپ پر حملہ کرکے 10 فلسطینیوں کو شہید کردیا جبکہ حملے میں کئی افراد زخمی بھی ہوئے، عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے سکول کے باہر بے گھر افراد کے خیموں کو نشانہ بنایا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں