اسلام آباد: پی ٹی آئی کے رہنما سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ وفاقی آئینی عدالت کے بائیکاٹ کے حوالے سے پارٹی میں مشاورت ہوگی اور کوئی حتمی فیصلہ ابھی نہیں ہوا۔ الیکشن ٹریبونلز میں ریٹائرڈ ججز کی تعیناتی کے خلاف اپیل کی سماعت وفاقی آئینی عدالت میں ہوئی، جس پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجا نے بتایا کہ آئینی عدالت کے بائیکاٹ کے معاملے پر پارٹی مشاورت کرے گی اور بعد میں حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ عدالت اب قائم ہے اور بانی پی ٹی آئی کی قید تنہائی سے متعلق درخواست بھی دائر کی جائے گی، جس پر فیصلہ کیا جائے گا کہ عدالت کو تسلیم کرنا ہے یا نہیں۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے پیش ہونے پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے سلمان اکرم راجا نے بتایا کہ سہیل آفریدی نے قانون کی تعمیل کی اور پیش ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ہری پور انتخابات کے حوالے سے وائٹ پیپر جلد جاری کیا جائے گا اور قانون کی روح کے مطابق کاروائی جاری رہے گی۔
سلمان اکرم راجا نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کسی کو دھمکی نہیں دی، افسران کو تنبیہ کرنا ان کا حق ہے، اور الیکشن کمیشن میں تفصیلی جواب جمع کرایا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ خیبرپختونخوا میں زیر سماعت ایک ہی درخواست پر دو جگہ کارروائی نہیں ہو سکتی اور کسی صورت بھی الیکشن کے عمل میں دخل اندازی نہیں کی گئی، آئندہ وزیر اعلیٰ کے یہاں پیش ہونے کی ضرورت نہیں ہوگی۔







