یزمان (کرائم رپورٹر) زمین ، دولت اور اثرو رسوخ کے نشے میں دھت زمیندار نے غریب عورت کو اغوا کرکے اس کی عزت پامال کر دی۔ میڈیکل رپورٹ میں زنا بالجبر ثابت بھی ہو گیا اور ملزم فیاض علی کو تھانہ ہیڈراجکاں پولیس نے گرفتار کرکے حوالات میں بند کر دیا مگر ملزم کو چند ہی گھنٹوں میں چوہدری طارق بشیر چیمہ ایم این اے کی فون پر ڈانٹ ڈپٹ کےبعد ایس ایچ او ہیڈراجکاں نے حوالات میں بند سنگین جرم کے مرتکب ملزم کو رہا کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق چک نمبر 22 ڈی این بی تحصیل یزمان کی رہائشی شادی شدہ خاتون ثمینہ پروین زوجہ شاہد علی قوم ارائیں کو چک کے اوباش چوہدری نے اغوا کرکے اپنی ہوس کا نشانہ بنا ڈالا۔ تھانہ ہیڈراجکاں میں درج کروائی گئی FiR نمبر 124/25 بجرم 376 ت پ میں متاثرہ خاتون نے موقف اختیار کیا کہ میرا خاوند زمینوں کو پانی لگانے کے لیے گیا ہوا تھا۔ میں گھر میں اکیلی بچوں کے ساتھ تھی۔ صبح 4 بجے اٹھ کر جانوروں کو چارہ ڈالنے کے لیے باہر گئی تو فیاض علی ولد فقیر علی قوم ارائیں سکنہ چک 22 ڈی این بی جسکی زمین میرے گھر کے بالکل سامنے ہے واک کر رہا تھا۔ اس نے مجھے اکیلا پا کر گھسیٹ کر اپنے ڈیرے پرلے جا کر زبردستی اپنی ہوس کا نشانہ بنا دیا۔ متاثرہ خاتون کے سگے بھائی اشتیاق نے بتایا کہ زنا حرام کا مقدمہ درج ہونے کے بعد جب متاثرہ خاتون کو ہسپتال منتقل کیا گیا تو چونکہ ملزم چوہدری فیاض ایم این اے طارق بشیر چیمہ کا پالتو غنڈہ ہے اس لئے مقامی ڈاکٹروں نے بات ہی نہیں سنی اور طارق بشیر چیمہ کے سخت دباؤ پر ڈی این اے کے لیے غلط سیمپل بھجوا کر ڈی این اے کلیئر کروا لیا اس پر مدعیان نے میڈیکل بورڈ کی درخواست دی جس پر ڈاکٹروں کی ٹیم نے متاثرہ خاتون کے وقوعہ کے وقت پہنے ہوئے کپڑوں اور دیگر ثبوتوں کی جانچ کی جس میں زنا ثابت ہو گیا۔ جس پر ملزم چوہدری فیاض نے میری بہن مدعیہ کو اپنے کارندوں کےذریعے دوبارہ اغوا کروا کر حاجی فلک شیر کے ڈیرے چک 75 ڈی این بی پہنچا دیا اور گھر پر بچوں اور اسکے خاوند کو دھمکیاں دیں کہ اگر پولیس کو بتایا یا کوئی حرکت کی تو انجام موت ہو گا۔ متاثرہ خاتون کے بھائی نے بتایا کہ ہمارے تھانہ ہیڈ راجکاں جا کر شور واویلہ کرنے پر تھانہ ہیڈراجکاں پولیس نے ملزم چوہدری فیاض علی کو گھر سے گرفتار کرکے حوالات میں بند کر دیا۔ متاثرہ خاتون کے بھائی نے بتایا کہ میں نے اپنی بہن کے اغوا کی بھی درخواست تھانہ ہیڈراجکاں ایس ایچ او کو دی جس میں ملزم چوہدری فیاض، حاجی فلک شیر چک 75 ڈی این بی ودیگر کو نامزد کیا مگر ملزمان ایم این اے طارق بشیر چیمہ کے خاص کارندے ہیں اس لئے ایم این اے کی فون کال کے بعد ایس ایچ او ہیڈراجکاں حضور بخش نے گرفتار شدہ زنا اور اغوا کے ملزم چوہدری فیاض علی کو حوالات سے رہا کر دیا جبکہ میری بہن کے اغوا کی درخواست جو میں نے اپنی مدعیت میں دی تھی کو بھی پھاڑ دیا۔ ہمیں سنگین نتائج کی دھمکیاں دے کر تھانے سے نکال دیا ۔متاثرہ خاتون کے بھائی نے بتایا کہ وہ غریب اور کمزور لوگ ہیں سیاسی غنڈوں کا مقابلہ کرنے کی سکت نہیں رکھتے اب انکے خاندان میں ہر کسی کو جان کا خطرہ ہے۔ اسکی بہن مدعیہ ملزمان کے قبضے میں ہےجو کہ شاید ابتک مار بھی دی گئی ہو۔ ہمیں تحصیل یزمان میں ایم این اے طارق بشیر چیمہ کے حلقہ میں رہتے ہوئےانصاف کی بالکل توقع نہیں ہے۔ متاثرہ خاتون کے بھائی اشتیاق نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے اپیل کی ہے کہ انہیں انصاف فراہم کیا جائے۔ جان و مال کا تحفظ دیا جائے۔ میری بہن کو ملزمان حاجی فلک شیر اور چوہدری فیاض جیسے سیاسی کارندوں کی قید سے فوری بازیاب کروایا جائے۔







