ہری پور کے پہاڑی علاقے خان پور کے گاؤں چسکلاں میں ایک جنگلی چیتے کے اچانک حملے سے خوف و ہراس پھیل گیا۔ چیتا آبادی میں داخل ہوا اور دو گھروں پر دھاوا بولتے ہوئے متعدد قیمتی بکریاں ہلاک کرڈالیں۔ مقامی افراد کے مطابق چیتا ایک شخص پر حملے کی کوشش بھی کر چکا تھا، لیکن گاؤں والوں کی چیخ و پکار اور شور کی وجہ سے وہ فرار ہو کر واپس جنگل میں چلا گیا۔
دیہاتیوں کا کہنا ہے کہ اس سے قبل بھی ایسے واقعات رونما ہوچکے ہیں، جن میں ایک جنگلی شیر کے حملے سے باپ بیٹا زخمی اور کئی مویشی مارے جا چکے ہیں۔ جنگلی جانوروں کے بار بار انسانی آبادیوں میں آنے سے گاؤں کے لوگ شدید خوف میں مبتلا ہیں۔
مقامی افراد نے شکایت کی ہے کہ محکمہ وائلڈ لائف کی جانب سے ابھی تک کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا۔ ان کے مطابق جنگل میں خوراک کی کمی کی وجہ سے چیتے، شیر اور ریچھ جیسے درندے قریبی دیہات کا رخ کرتے ہیں اور کسانوں کے مویشیوں پر حملہ کرکے نقصان پہنچا رہے ہیں۔
گاؤں والوں نے حکومت سے فوری اقدامات اور وائلڈ لائف حکام کی موجودگی کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ انسانی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔
