پشاور: پی ٹی آئی رہنما فیصل جاوید نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کا ایک مضبوط اتحاد تشکیل دیا جا رہا ہے، جس کا مقصد آئین کی بالادستی اور جمہوریت کے تحفظ کے لیے جدوجہد کرنا ہے۔
پشاور ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں فیصل جاوید نے کہا کہ عید کے بعد مثبت پیش رفت متوقع ہے۔ ان کے مطابق پی ٹی آئی کی سینیئر قیادت اپوزیشن جماعتوں سے رابطے میں ہے، اور جو بھی جماعت آئین و قانون اور جمہوریت کا ساتھ دے گی، عوام میں اسے پذیرائی ملے گی۔
انہوں نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزراء بیرون ممالک دورے کر رہے ہیں جبکہ عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ وزراء عوامی نمائندے نہیں بلکہ “فارم 47 کے وزراء” ہیں۔
فیصل جاوید نے کہا کہ آج پاکستانیوں کے لیے ایک یادگار دن ہے کیونکہ 25 مارچ 1992 کو پاکستان نے کرکٹ ورلڈ کپ جیتا تھا۔ ان کے مطابق عمران خان نے ایک ناتجربہ کار ٹیم کو لیڈ کرتے ہوئے عالمی کپ جیتا تھا، اور ان کے فیصلوں نے ٹیم کو کامیابی دلائی۔
پشاور ہائی کورٹ میں فیصل جاوید کے کیسز کی سماعت ہوئی، جس میں عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ ان کے خلاف 17 ایف آئی آر درج ہیں۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ فیصل جاوید کو پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کیا گیا ہے اور وہ نہ تو ضمانت لے رہے ہیں اور نہ ہی تفتیش میں پیش ہو رہے ہیں۔ عدالت نے پوچھا کہ 4 مارچ کے عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کیوں نہیں ہوا، جس پر حکومتی نمائندے نے جواب دیا کہ عدالتی فیصلے پر عمل کیا جا چکا ہے۔
فیصل جاوید کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ وزارت داخلہ اور ایف آئی اے نے عدالتی فیصلے پر عمل نہیں کیا، اور ان کے مؤکل کو عمرہ پر جانے سے بھی روکا گیا۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت جمعرات تک ملتوی کر دی۔
