آج کی تاریخ

ڈیل کی خبروں کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں، عمران خان اپنے مؤقف پر قائم

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے خفیہ ڈیل کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ عمران خان کسی بھی قسم کی مفاہمت یا سودے بازی کے لیے تیار نہیں۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ وزیراعظم کی طرف سے مذاکرات کی جو پیشکش اسمبلی فلور پر کی گئی تھی، اسے سنجیدگی سے لیا گیا ہے، تاہم حتمی فیصلہ پارٹی کی مشاورت اور عمران خان کی رائے کے بعد ہی ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کبھی کسی خفیہ معاہدے یا رعایت کی خواہش ظاہر نہیں کی۔ ان کے بیٹے قاسم اور سلیمان بھی موجودہ صورتحال سے پوری طرح آگاہ ہیں اور انہوں نے بھی ڈیل کی خبروں کی سختی سے تردید کی ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عمران خان کی ہمیشہ سے یہ پالیسی رہی ہے کہ سیاسی بحران کا حل صرف بات چیت سے نکلنا چاہیے، نہ کہ پس پردہ معاہدوں سے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی میں اس حوالے سے کوئی اندرونی ملاقات ضرور ہوئی ہے، لیکن کسی بھی قسم کا خفیہ معاہدہ زیر غور نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی صحافی نے اپنے ذرائع سے کچھ دعویٰ کیا ہے تو وہ ان کی ذمہ داری ہے، لیکن پی ٹی آئی کی قیادت نے ایسی کوئی معلومات ظاہر نہیں کیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان اس وقت ناجائز اور غیر قانونی قید کا سامنا کر رہے ہیں اور ایسی صورت میں کسی سودے بازی کی بات چیت کا تصور بھی غلط ہے۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ تمام سیاسی فیصلے کھلی اور شفاف مشاورت کے تحت ہوں گے اور پارٹی کارکنان اور قیادت کی رائے کو مقدم رکھا جائے گا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں