رپورٹس کے مطابق آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں سب سے زیادہ مسافت طے کرنے والی ٹیم نیوزی لینڈ رہی، جس نے مجموعی طور پر 7 ہزار 48 کلومیٹر کا سفر کیا۔ نیوزی لینڈ نے فائنل تک پہنچنے کے دوران کراچی، راولپنڈی، دبئی، لاہور اور دوبارہ دبئی کا سفر کیا۔ دوسری جانب، فائنل میں اس کا مقابلہ کرنے والی بھارتی ٹیم نے اپنے تمام میچز دبئی میں ہی کھیلے اور کہیں سفر نہیں کیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق انگلینڈ کی ٹیم نے اپنے تمام میچز پاکستان میں کھیلے، جس کے دوران اس نے 1020 کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا۔ پاکستان کی ٹیم نے دبئی، کراچی اور راولپنڈی میں میچز کھیلتے ہوئے مجموعی طور پر 3133 کلومیٹر سفر کیا۔
افغانستان کی ٹیم نے کراچی میں پہلا میچ کھیلا جبکہ باقی دو لاہور میں ہوئے، جس کے باعث 1200 کلومیٹر کا سفر کیا۔ بنگلہ دیش نے دبئی سے اپنے سفر کا آغاز کیا، راولپنڈی میں دو میچز کھیلے، اور اس دوران 1053 کلومیٹر کا سفر کیا۔
آسٹریلوی ٹیم نے لاہور، راولپنڈی اور دبئی میں میچز کھیلتے ہوئے 2509 کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا، جبکہ جنوبی افریقا نے چار میچز کے لیے پانچ پروازیں لیں اور تقریباً 3286 کلومیٹر سفر کیا۔
