لاہور: پنجاب حکومت نے جرائم پر قابو پانے اور امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے اہم قدم اٹھاتے ہوئے عادی مجرموں اور فورتھ شیڈول میں شامل افراد کو ٹریکنگ ڈیوائسز پہننے کا پابند بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ترجمان محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ یہ اقدام قانون شکن عناصر پر کڑی نگرانی کے لیے کیا جا رہا ہے۔ حکومت کی جانب سے 1500 ٹریکنگ ڈیوائسز قانون نافذ کرنے والے اداروں میں تقسیم کی جا رہی ہیں۔
محکمہ داخلہ کے مطابق، سی ٹی ڈی کو 900، کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کو 500 اور پیرول ڈیپارٹمنٹ کو 100 ڈیوائسز فراہم کی جائیں گی، تاکہ مشتبہ افراد کی نقل و حرکت پر مسلسل نظر رکھی جا سکے۔
سیکرٹری داخلہ پنجاب نے ٹریکنگ سسٹم کو مزید مؤثر بنانے کے لیے جدید بین الاقوامی ٹیکنالوجی سے لیس نئے ڈیوائسز درآمد کرنے کی بھی ہدایت جاری کی ہے۔ ماہرین نے تجویز دی ہے کہ نگرانی کو مزید بہتر بنانے کے لیے مجرمان کو مائیکرو چپ والے بینڈز فراہم کیے جائیں۔
یہ اقدام عالمی معیار کی نگرانی کے طریقہ کار کو اپناتے ہوئے مجرمانہ سرگرمیوں کی روک تھام میں مددگار ثابت ہوگا۔
