لاہور: پاک بھارت کشیدگی کے پیش نظر پنجاب حکومت نے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اہم ہدایات جاری کر دی ہیں، تاکہ کسی بھی غیر متوقع صورتحال سے نمٹنے کے لیے عوام کو بروقت تیار کیا جا سکے۔
سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے جاری کردہ ایس او پیز میں شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنے گھروں میں ایک محفوظ کمرہ، جیسے کہ تہہ خانہ یا اندرونی کمرا، ہنگامی حالت کے لیے مختص کر لیں۔
اس کے علاوہ ہر گھر میں ہنگامی کٹ تیار رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے، جس میں ابتدائی طبی امداد، ضروری دوائیں، بند پانی، محفوظ خوراک، ٹارچ، اضافی بیٹریاں اور موبائل چارجر شامل ہونا ضروری ہے۔
اگر کسی بھی قسم کی سرکاری وارننگ یا الارم جاری ہو، تو شہریوں کو فوراً گھر کی تمام روشنیاں بند کر کے محفوظ کمرے میں منتقل ہونے کی ہدایت دی گئی ہے، کھڑکیاں اور دروازے بند رکھیں اور گیس کے کنکشن بھی منقطع کر دیں۔ سیڑھیوں کے ذریعے نیچے جائیں اور لفٹ کے استعمال سے پرہیز کریں۔
اگر انخلا ناگزیر ہو، تو شہریوں کو سرکاری ہدایات کے مطابق عمل کرتے ہوئے ضروری سامان جیسے شناختی کارڈز، انشورنس اور دیگر اہم دستاویزات ساتھ لے جانے کا کہا گیا ہے۔ بجلی، گیس اور پانی کے کنکشن بند کر کے صرف سیڑھیوں کے راستے باہر نکلنے کی تاکید کی گئی ہے۔
پنجاب حکومت نے عوام کو تاکید کی ہے کہ گھبراہٹ سے گریز کریں، پر سکون رویہ اختیار کریں، سرکاری اعلانات پر نظر رکھیں، اور ہمسایوں و بزرگ افراد کا خاص خیال رکھیں۔
