آج کی تاریخ

پاکستان ڈیجیٹل معیشت کا مرکز بننے کو تیار، 700 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی 24 کروڑ کی آبادی پر مشتمل معیشت ڈیجیٹل اسٹارٹ اپس اور بیرونی سرمایہ کاری کے لیے خطے کی بہترین منڈی بن چکی ہے۔
ڈیجیٹل تعاون تنظیم کی سیکریٹری جنرل دیمہ یحییٰ سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں ہزاروں جدید ٹیکنالوجی کے سرمایہ کاروں اور پالیسی سازوں کی موجودگی اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان خطے میں ڈیجیٹل ترقی کا مرکز بن رہا ہے۔
انہوں نے نوجوانوں کو ملک کا سب سے قیمتی سرمایہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کو ڈیجیٹل مہارتیں فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت سرمایہ کار دوست پالیسیوں کے ذریعے نہ صرف سرمایہ کو راغب کر رہی ہے بلکہ جدید ٹیکنالوجی کو بھی ملک میں منتقل کر رہی ہے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ نوجوانوں کے لیے ایسے منصوبے متعارف کرائے جا رہے ہیں جو ان کو روزگار کے باوقار مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ملکی معیشت میں ان کا مؤثر کردار یقینی بنائیں گے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن اب ایک عارضی رجحان نہیں بلکہ عالمی سطح پر معاشی ڈھانچے کو بدلنے والا انقلاب ہے۔ حکومت پاکستان کو اس عالمی تبدیلی کے مطابق ڈھالنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا پہلا ’’ڈیجیٹل فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ فورم 2025‘‘ عالمی سرمایہ کاروں کی دلچسپی کا مظہر ہے اور یہ ظاہر کرتا ہے کہ پاکستان ڈیجیٹل معیشت میں نمایاں کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
فورم میں شرکت کے لیے اسلام آباد آنے والے عالمی سرمایہ کاروں سے ملاقات میں وزیراعظم نے ان کا خیر مقدم کیا اور انہیں پاکستان میں ڈیجیٹل انقلاب کا شراکت دار بننے کی دعوت دی۔ وزیراعظم نے بتایا کہ فورم میں 700 ملین ڈالر سے زائد سرمایہ کاری کے اعلانات پاکستان پر سرمایہ کاروں کے اعتماد کا مظہر ہیں۔
انہوں نے پاکستان کو ٹیکنالوجی، مالیات اور جدت طرازی کا علاقائی مرکز بنانے کے حکومتی وژن کو اجاگر کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے نوجوانوں کو مستقبل کی ڈیجیٹل مہارتوں جیسے اے آئی اور ڈیٹا سائنس کی تعلیم کی فراہمی کے لیے عالمی کمپنیوں کے ساتھ تعاون پر آمادگی ظاہر کی۔
فورم میں شامل نمایاں سرمایہ کاروں میں روسفٹ کے جبار رحیم خان (500 ملین ڈالر)، sAi وینچر کیپیٹل کے طحہٰ نسیم اور احسن جمیل (100 ملین ڈالر)، مشرق بینک کے فرنینڈو موریلو اور محمد ہمایوں سجاد (30 ملین ڈالر) اور Mindhyve.ai کے بلال کمال فاروقی (22 ملین ڈالر) شامل تھے

شیئر کریں

:مزید خبریں