آج کی تاریخ

پاکستان میں سکھ یاتریوں کی بڑی تعداد کی آمد متوقع، وساکھی میلہ اور خالصہ جنم دن کی تقریبات

لاہور: اس سال سکھوں کے مذہبی تہوار، وساکھی میلہ اور خالصہ جنم دن پر بھارت اور پاکستان کے درمیان مذہبی سیاحتی معاہدے سے بڑھ کر سات ہزار سکھ یاتریوں کی آمد متوقع ہے۔
خالصہ جنم دن کی 326ویں سالگرہ اور وساکھی میلہ کی تقریبات کے لیے بھارت سمیت دنیا بھر سے سکھ یاتری 10 اپریل کو پاکستان پہنچیں گے۔ پاک بھارت مذہبی سیاحتی معاہدے کے تحت تین ہزار سکھ یاتری پاکستان آ سکتے ہیں، لیکن اس سال سات ہزار سے زائد بھارتی یاتری پاکستان کا سفر کرنا چاہتے ہیں۔
متروکہ وقف املاک بورڈ کے حکام کے مطابق پاکستان ہائی کمیشن نیودہلی سے درخواست کی گئی ہے کہ زیادہ سے زیادہ سکھ یاتریوں کو ویزے جاری کیے جائیں۔
ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز سیف اللہ کھوکھر نے کہا کہ پاکستان سکھوں کے لیے دوسرا گھر ہے، اور جتنے بھی مہمان آنا چاہیں، ہم خوش آمدید کہیں گے۔ حکومت پاکستان اور متروکہ وقف املاک بورڈ کی کوششوں سے مذہبی سیاحت کو فروغ ملا ہے۔
متروکہ وقف املاک بورڈ نے سیکیورٹی اداروں، سول انتظامیہ، پولیس، دفتر خارجہ، وزارت داخلہ سمیت دیگر متعلقہ اداروں کو انتظامات بڑھانے کے لیے سرکلر جاری کر دیا ہے۔
حکام کے مطابق بھارتی سکھ یاتری 10 اپریل کو واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان آئیں گے، جنہیں 10 سے 19 اپریل تک کا ویزا جاری کیا جائے گا۔ وساکھی میلہ کی مرکزی تقریب 14 اپریل کو گوردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال میں منعقد ہوگی۔
بھارتی سکھ یاتری گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب، گوردوارہ دربار صاحب کرتارپور، گوردوارہ ڈیرہ صاحب لاہور اور دیگر مقدس مقامات کی زیارت بھی کریں گے۔ بھارت کے علاوہ امریکا، کینیڈا، آسٹریلیا، برطانیہ اور دیگر ممالک سے بھی بڑی تعداد میں سکھ یاتری پاکستان آئیں گے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں