اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے واضح کیا ہے کہ پاکستان کی تمام عسکری کارروائیاں دفاعی حکمت عملی کے تحت کی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر بھارت نے دوبارہ کسی بھی قسم کی جارحیت کی کوشش کی تو پاکستان کی جانب سے فوری اور بھرپور جواب دیا جائے گا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے بتایا کہ ان کی امریکی وزیر خارجہ سے حال ہی میں بات چیت ہوئی ہے جس میں انہوں نے واضح طور پر کہا کہ پاکستان نے جو اقدامات کیے ہیں وہ بھارت کی اشتعال انگیزیوں کا جواب تھے، اب گیند بھارت کے کورٹ میں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کے 80 سے زائد ڈرونز مار گرائے جا چکے ہیں، جبکہ بھارتی حملوں میں 35 پاکستانی شہری شہید ہوئے۔ نورخان، شور کوٹ اور سکھر ایئرپورٹس پر حملے کیے گئے۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارت امن کی بات کرتا ہے لیکن عملی طور پر حملہ آور ہے، ہم نے آپریشن کا آغاز کر دیا ہے اور کامیابی پاکستان کی ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت مسلسل جھوٹ بول رہا ہے اور ابھی تک اپنے دعوے ثابت نہیں کر سکا۔ عالمی برادری جانتی ہے کہ پاکستان حق پر ہے اور ہماری تیاری پہلے دن سے مکمل تھی۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ اگر بھارت نے کشیدگی کو مزید بڑھایا تو اس کے اثرات پورے خطے سے باہر تک جائیں گے۔
