آج کی تاریخ

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں اتار چڑھاؤ کے بعد غیر واضح رجحان

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں پیر کے روز کاروبار غیریقینی سیاسی و اقتصادی حالات کے باعث اتار چڑھاؤ کا شکار رہا۔ ایل او سی پر بھارت کی اشتعال انگیزی، پاک بھارت کشیدگی، نئی مانیٹری پالیسی پر خدشات، اور امریکا کی جانب سے اپنے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت جیسے عوامل نے سرمایہ کاروں کو محتاط رویہ اختیار کرنے پر مجبور کر دیا۔
کاروباری سیشن کے دوران مارکیٹ میں ایک موقع پر 1036 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی اور کے ایس ای 100 انڈیکس 1 لاکھ 14 ہزار کی سطح سے نیچے آ گیا۔ تاہم بعد ازاں سستے داموں خریداری کی سرگرمیاں بڑھنے سے جزوی تیزی دیکھنے کو ملی، جو کہ 438 پوائنٹس کی ریکوری تک پہنچی۔ لیکن امریکا کی جانب سے جاری کردہ سیکیورٹی الرٹ کے بعد ایک بار پھر مارکیٹ پر منفی اثرات مرتب ہوئے اور انڈیکس 11.70 پوائنٹس کمی کے بعد 114102.24 پوائنٹس پر بند ہوا۔
دوسری جانب، کے ایس ای 30 انڈیکس 108.83 پوائنٹس کمی سے 34808.60 پوائنٹس پر بند ہوا، تاہم کے ایس ای آل شیئر انڈیکس میں 174.48 پوائنٹس اضافہ ہوا۔ کاروباری حجم میں بھی بہتری دیکھی گئی اور کل 39 کروڑ 95 لاکھ سے زائد حصص کا لین دین ہوا۔
452 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا، جن میں سے 240 کے نرخ بڑھے، 155 کے کم ہوئے جبکہ 57 کی قیمتیں مستحکم رہیں۔
نمایاں اضافہ پانے والی کمپنیوں میں پی آئی اے ہولڈنگ کے حصص 480.30 روپے بڑھ کر 5283.26 روپے اور نیسلے پاکستان کے حصص 288.09 روپے بڑھ کر 7190.36 روپے تک جا پہنچے۔
جبکہ نقصان پانے والوں میں اٹلس ہنڈا 25.19 روپے کمی کے بعد 1150.36 روپے اور باٹا پاکستان 15.29 روپے کمی سے 1564.71 روپے پر بند ہوا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں