آج کی تاریخ

پاکستانی باکسر شہیر آفریدی نے بھارتی حریف کو ناک آؤٹ کر کے شکست دے دی

تھائی لینڈ میں ہونے والے پاک بھارت باکسنگ مقابلے میں پاکستانی باکسر شہیر آفریدی نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے بھارتی حریف ترجوت سنگھ باوا کو چوتھے راؤنڈ میں تکنیکی ناک آؤٹ کے ذریعے شکست دے دی۔ تیسرے راؤنڈ میں ہی بھارتی باکسر لڑکھڑا گئے تھے، جس کے بعد چوتھے راؤنڈ میں ریفری نے ان کی خراب حالت کے پیش نظر مقابلہ روک دیا اور شہیر آفریدی کو فاتح قرار دیا۔
شہیر آفریدی، جو سندھ پولیس کے کمانڈو بھی ہیں، کی یہ مڈل ویٹ کیٹیگری میں 18ویں فائٹ تھی۔ اب تک وہ 18 میں سے 16 فائٹس جیت چکے ہیں، ایک میں شکست اور ایک برابر رہی۔ ان کی یہ فتح اس لحاظ سے بھی اہم ہے کہ ان کے بھارتی حریف ترجوت سنگھ باوا اب تک پروفیشنل کیریئر میں ناقابل شکست رہے تھے۔
اس بڑی کامیابی کے بعد شہیر آفریدی دنیا کے 50 بہترین باکسرز میں شامل ہو گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اس کامیابی پر شہیر آفریدی کو مبارکباد دی اور سندھ حکومت کی جانب سے انعامات دینے کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شہیر نے بھارتی باکسر کو شکست دے کر سندھ اور پاکستان کا نام روشن کیا ہے، اور پوری قوم کو ان پر فخر ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں