آج کی تاریخ

ٹیکس کریک ڈاؤن کا جواب؟ شوگر کارٹیلز کی مبینہ سازش سے قیمتوں میں خطرناک اضافہ متوقع

اسلام آباد: شوگر سیکٹر میں ٹیکس چوری کے خلاف ایف بی آر کی کارروائی کے بعد مبینہ طور پر شوگر کارٹیلز نے کھلی منڈی میں چینی کی قیمتیں بڑھانے کا منصوبہ تیار کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایف بی آر کی جانب سے جاری کردہ کریک ڈاؤن کے ردعمل میں شوگر ملز مالکان نے چینی کی قیمتوں میں اضافے کا بندوبست کیا ہے۔ اس صورتحال پر وزیر اعظم شہباز شریف نے متعلقہ وزارتوں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ اگر شوگر ملز مالکان نے قیمتوں میں اضافہ واپس نہ لیا تو حکومت بیرون ملک سے خام چینی کی درآمد پر غور کرے گی۔
وزیر اعظم شہباز شریف ایف بی آر کی ٹیکس چوری کے خلاف کارروائیوں کا خود جائزہ لے رہے ہیں جبکہ حکام نے شوگر انڈسٹری کے خلاف کریک ڈاؤن میں مزید شدت پیدا کردی ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ نئے مانیٹرنگ اینڈ انفورسمنٹ سسٹم کے نفاذ کے بعد شوگر سیکٹر میں ٹیکس وصولیوں میں 54 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ جنوری اور فروری 2025 کے دوران شوگر سیکٹر سے ٹیکس کی مد میں 24 ارب روپے جمع کیے گئے، جو گزشتہ سال اسی عرصے میں جمع ہونے والے 15 ارب روپے سے کہیں زیادہ ہیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں