آج کی تاریخ

وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت: کراچی کے مسائل کے حل کے لیے خصوصی پورٹل قائم کرنے کا فیصلہ

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی میں عوامی مسائل کی رپورٹنگ کے لیے ایک پورٹل بنانے کی ہدایت دی، جبکہ سڑکوں کی کٹائی کی اجازت کا اختیار صرف میئر اور کمشنر کراچی کو دینے کا فیصلہ کیا گیا۔
وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں بلدیاتی امور، صفائی، ٹریفک، نکاسی آب، اور تجاوزات کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے تاکید کی کہ کسی بھی بلدیاتی افسر کو خود مختارانہ طور پر روڈ کٹنگ کی اجازت دینے کا اختیار نہیں ہوگا، اور اس عمل کو منظم کرنے کے لیے ایگزیکٹو آرڈر جاری کیا جائے گا۔
اس موقع پر شہری سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے “کراچی ایشوز پورٹل” کے قیام کا فیصلہ کیا گیا، جہاں نکاسی آب، تجاوزات، اور صفائی سے متعلق رپورٹنگ ممکن ہوگی۔
رمضان اور عید کے دوران عوام کی سہولت کے لیے سیکیورٹی بڑھانے، مارکیٹوں میں خصوصی انتظامات کرنے، اور اسٹریٹ لائٹس اور ٹریفک مینجمنٹ کو مؤثر بنانے کی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔
وزیراعلیٰ نے شہر کی خوبصورتی اور بنیادی سہولیات کی بہتری کے لیے چار بڑی مارکیٹوں کی تزئین و آرائش اور عوامی مقامات پر نشست گاہوں کی تعمیر کی ہدایت دی۔ اجلاس میں لیاری میں زیر تعمیر واٹر پائپ لائن منصوبے پر بھی غور کیا گیا اور اس کی فوری تکمیل کے احکامات جاری کیے گئے۔
عید کے بعد تجاوزات کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لانے کا بھی فیصلہ کیا گیا، تاکہ عوامی مقامات کو بہتر اور قابلِ رسائی بنایا جا سکے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں