آج کی تاریخ

وزیراعظم شہباز شریف کی پیپلز پارٹی کے تحفظات دور کرنے کی ہدایت، رانا ثنا اللہ کا ردعمل

اسلام آباد: وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کینال منصوبے سے متعلق پیپلز پارٹی کے تحفظات کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے فوری طور پر مسائل کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
وزیراعظم کے بین الصوبائی رابطہ کے مشیر رانا ثنا اللہ خان نے اپنے بیان میں کہا کہ قائد مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت دی ہے کہ پیپلز پارٹی سے مذاکرات کے ذریعے تمام امور خوش اسلوبی سے طے کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت تمام اکائیوں کو برابر حقوق دینے اور وسائل کی منصفانہ تقسیم پر پختہ یقین رکھتی ہے۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی وفاق کا اہم جزو ہے اور آئینی ذمہ داریوں پر موجود افراد کو اپنے بیانات میں سنجیدگی اور احتیاط کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ ہم پی پی قیادت کا احترام کرتے ہیں اور ہر مسئلے کو افہام و تفہیم سے حل کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ 1991ء کے پانی کے معاہدے اور 1992ء کے ارسا ایکٹ کی موجودگی میں کسی صوبے کے ساتھ زیادتی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ کسی بھی صوبے کا پانی دوسرے صوبے کو نہیں دیا جا سکتا، کیونکہ اس حوالے سے مکمل آئینی اور قانونی فریم ورک موجود ہے۔
مشیر کا مزید کہنا تھا کہ پانی جیسے حساس معاملے پر سیاست نہیں ہونی چاہیے بلکہ تمام مسائل کو بات چیت کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ صوبائی اکائیوں کی مضبوطی ہی وفاق کی بنیاد کو مستحکم بناتی ہے، اور مسلم لیگ (ن) ماضی کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے اسی پالیسی پر گامزن رہے گی۔
رانا ثنا اللہ نے زور دیا کہ مسلم لیگ (ن) ایک جمہوری اور آئین کی پاسدار جماعت ہے، جو ہمیشہ اکائیوں اور عوام کے آئینی حقوق کے تحفظ کی حامی رہی ہے۔ اختلافات کا حل صرف بات چیت اور مشاورت میں ہے، یہی ملک کے استحکام کا راستہ ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں