اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے رمضان ریلیف پیکج 2025 کے شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے تھرڈ پارٹی آڈٹ کرانے کی ہدایت دی ہے۔
وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت رمضان ریلیف پیکج 2025 کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں پیکیج کی پیشرفت پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ اب تک 63 فیصد مستحق افراد کو رقم فراہم کی جا چکی ہے، جبکہ تمام مستحقین کی مکمل دستاویزی تفصیلات محفوظ ہیں۔ مزید یہ کہ اس پیکج پر عمل درآمد کے لیے 2224 سرکاری اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ رمضان ریلیف پیکج پورے پاکستان بشمول گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے مستحقین کے لیے بغیر کسی تفریق کے متعارف کرایا گیا ہے۔
انہوں نے اسٹیٹ بینک، نادرا اور ٹیکنالوجی اداروں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ مستحق افراد کو امدادی رقم ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے شفاف اور آسان طریقے سے فراہم کی جا رہی ہے۔
شہباز شریف نے ہدایت دی کہ اس ماڈل کو دیگر حکومتی اسکیموں میں بھی اپنایا جائے، جبکہ ٹیلی کام کمپنیوں اور بینکوں کی جانب سے آگہی مہم کو مزید مؤثر بنانے کے لیے جامع رپورٹ تیار کرنے کا بھی حکم دیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ رمضان ریلیف پیکج کے حوالے سے اب تک ڈیڑھ ملین سے زائد مستحقین سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جا چکا ہے۔
اجلاس میں وفاقی وزرا رانا تنویر حسین، احد خان چیمہ، عطا تارڑ، شزا فاطمہ، علی پرویز ملک، وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر، چیئرمین نادرا، چیئرمین پی ٹی اے، متعلقہ سرکاری افسران اور نجی معاون کمپنیوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
