اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت کی اولین ترجیح برآمدات کے ذریعے ملکی آمدن میں اضافہ کرنا ہے۔
برآمدات سہولت اسکیم (EFS) کے حوالے سے جائزہ اجلاس وزیراعظم شہباز شریف کی صدارت میں ہوا، جس میں اس اسکیم کو مزید مؤثر بنانے اور برآمدی شعبے کو اس سے بھرپور استفادہ فراہم کرنے کے لیے کمیٹی کی عبوری سفارشات پیش کی گئیں۔
شہباز شریف نے اجلاس میں کہا کہ برآمدات کے ذریعے ملکی آمدن میں اضافہ حکومت کی اہم ترجیح ہے۔ انہوں نے کمیٹی کی سفارشات پر مزید مشاورت کی ضرورت پر زور دیا تاکہ برآمدی صنعتوں کے خام مال اور مشینری کی درآمد میں سہولت فراہم کی جا سکے۔
وزیراعظم نے کمیٹی کو ہدایت دی کہ وہ عبوری سفارشات کو حتمی شکل دے کر جلد رپورٹ پیش کرے اور آئندہ بجٹ میں صنعتوں اور کاروباری تنظیموں سے مشاورت کے بعد ان کی تجاویز کو شامل کیا جائے، تاکہ مقامی صنعت کو برابر کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
یاد رہے کہ پیداواری لاگت کم کرنے اور ملکی برآمدات کو عالمی منڈیوں میں مسابقتی بنانے کے لیے یہ اسکیم شروع کی گئی تھی۔
اجلاس میں وفاقی وزرا احسن اقبال، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، علی پرویز ملک، سردار اویس خان لغاری، مشیر وزیرِ اعظم سید توقیر شاہ، وزیرِ اعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل، چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال اور برآمدی صنعت سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے شرکت کی۔
