آج کی تاریخ

وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب کا دورہ مکمل کرکے وطن واپس آگئے

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب کا دورہ مکمل کرنے کے بعد جدہ سے اسلام آباد واپس پہنچ گئے، جہاں گورنر جدہ شہزادہ سعود بن عبداللہ بن جلاوی نے انہیں ایئرپورٹ سے رخصت کیا۔
وزیراعظم نے 19 سے 22 مارچ 2025 تک سعودی عرب کا سرکاری دورہ کیا، جس کا مقصد پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنا، اقتصادی تعاون کو فروغ دینا اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنا تھا۔
دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان سے ملاقات کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے تجارتی تعلقات کے فروغ، کلیدی شعبوں میں شراکت داری اور وسیع اقتصادی تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم نے سعودی وزیر سرمایہ کاری خالد الفالح اور اقتصادی امور سے متعلق ٹاسک فورس کے سربراہ محمد التجویری سے بھی ملاقات کی، جس میں پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری بڑھانے اور باہمی اقتصادی تعاون کے فروغ پر بات چیت کی گئی۔
دورے کے اختتام پر وزیراعظم شہباز شریف نے مدینہ منورہ میں روضہ رسول ﷺ پر حاضری دی اور مکہ مکرمہ میں اپنے وفد کے ہمراہ عمرہ ادا کرنے کی سعادت حاصل کی۔

شیئر کریں

:مزید خبریں