اسلام آباد: حکومت نے نجی میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کی سالانہ فیس 18 لاکھ روپے مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (PMDC) کے اعلامیے کے مطابق، وزیر اعظم کی ہدایت پر قائم میڈیکل ایجوکیشن ریفارمز کمیٹی، جس کی سربراہی نائب وزیر اعظم کر رہے ہیں، نے نجی کالجوں میں بڑھتی ہوئی فیسوں کا جائزہ لینے کے بعد یہ اہم فیصلہ کیا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ فیس کے تعین کے لیے ایک ذیلی کمیٹی تشکیل دی گئی، جس نے جامع تجزیے اور اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد سالانہ فیس 18 لاکھ روپے مقرر کرنے کی سفارش کی۔ تاہم، جو ادارے زیادہ سے زیادہ 25 لاکھ روپے تک فیس لینا چاہتے ہیں، انہیں تفصیلی مالیاتی جواز PMDC کو فراہم کرنا ہوگا۔
اس فیصلے کے تحت ایم بی بی ایس کی فیس پانچ سال جبکہ بی ڈی ایس کی فیس چار سال کے لیے لاگو ہوگی۔ سالانہ فیس میں اضافہ صارف قیمت اشاریہ (CPI) کی بنیاد پر ہوگا، اور غیر ضروری فیس میں اضافہ قابل قبول نہیں ہوگا۔
کمیٹی نے اس اقدام کو طبی تعلیم کو عام طلبہ، خصوصاً متوسط طبقے کے لیے سستا اور قابل رسائی بنانے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا ہے۔ اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ PMDC تعلیمی معیار اور اخراجات میں شفافیت کو یقینی بنائے گا، تاکہ طلبہ کو غیر ضروری مالی بوجھ سے بچایا جا سکے۔
