آج کی تاریخ

مودی ہمارے طرف گولی چلائے گا تو ہم غوری چلائیں گے، حافظ نعیم الرحمان

اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے یوم تکبیر کی تقریب میں کہا کہ اگر بھارت کی طرف سے گولی چلی تو ہم بھی غوری میزائل سے جواب دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایٹمی دھماکے کیے، اس وقت پاکستان کی حکومت تذبذب کا شکار تھی، مگر قاضی حسین احمد نے پورے ملک میں ایٹمی دھماکوں کے حق میں تحریک چلائی۔
حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام دنیا میں سربلند ہونے کے لیے ہے، ڈاکٹر عبد القدیر خان اور ان کی ٹیم نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا۔ پوری قوم نے معیشت کی قربانی دے کر ملک کو ایٹمی طاقت بنایا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے بغیر بھارت سے کسی قسم کی تجارت کو تسلیم نہیں کیا جائے گا، اگر شہباز شریف ایسا کریں تو وہ عبرت کا نشان بن جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ یوم تکبیر کے سرکاری اشتہارات میں حکومت نے اپنے خاندان والوں کی تصویریں لگائیں مگر ڈاکٹر عبد القدیر خان کو نظرانداز کیا، یہی حکومت اور اپوزیشن امریکہ کے سامنے دب جاتی ہیں، حتیٰ کہ پچھلی حکومت نے ڈاکٹر عبد القدیر کے جنازے میں بھی شرکت نہیں کی۔
حافظ نعیم نے کہا کہ فوج سے اختلافات ضرور ہوتے ہیں مگر جب ملک کی بات آئی تو پوری قوم متحد ہو کر کھڑی ہوئی۔ انہوں نے بھارت کو خبردار کیا کہ تمہیں اپنے طیاروں پر فخر تھا مگر ہم نے وہ بھی گرا دیے۔ مودی کو چاہیے کہ وہ اپنے مسائل پر توجہ دے، بھارت میں کروڑوں افراد کو بیت الخلا تک میسر نہیں، عالمی طاقتیں بھارت کی حمایت کرتی ہیں تاکہ پاکستان کو کمزور کیا جا سکے، لیکن اب دنیا بھارت پر بھروسہ کرنے سے گریز کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت میں آزادی کی درجنوں تحریکیں چل رہی ہیں، شیڈول کاسٹ، عیسائی، مسلمان اور سکھ اقلیتوں کے ساتھ بدترین سلوک کیا جا رہا ہے۔ مودی نے کشمیر میں لاکھوں افراد کو شہید کیا، خصوصی حیثیت ختم کر کے مسلمانوں کو اقلیت میں تبدیل کر رہا ہے۔ دنیا کو کشمیر میں بھارتی دہشتگردی کے خلاف آواز اٹھانی ہوگی۔
حافظ نعیم نے کہا کہ اسرائیل اور بھارت ایک دوسرے کے اتحادی ہیں، پلوامہ واقعے کے بعد اسرائیلی وفود بھارت کی حمایت میں موجود تھے، امریکہ بھی بھارت کے فالس فلیگ آپریشنز کا حمایتی تھا۔ پاکستان کی کامیابی کے بعد بھارت نے امریکہ سے مدد کی درخواست کی جس پر جنگ بندی ممکن ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم کو اپنے ایٹمی پروگرام اور مسلح افواج پر فخر ہے اور ملک میں اتحاد کی ضرورت ہے۔ بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی کے ڈاکٹر اظہر کی رہائی پاکستان کی بڑی کامیابی ہے۔ حافظ نعیم نے کہا کہ پاکستان ہمارا نظریہ اور عقیدہ ہے، اس کے خلاف کوئی بات قبول نہیں کی جائے گی۔ حکومت ملک کے مسائل حل کرے اور قومی یکجہتی کو فروغ دے۔ نوجوان مایوس نہ ہوں کیونکہ کشمیر کی آزادی ابھی مکمل ہونا باقی ہے۔ کشمیر کے بغیر بھارت سے کوئی بات نہیں ہوگی۔

شیئر کریں

:مزید خبریں