آج کی تاریخ

منہ کھر بیماری پاکستان کے لائیو سٹاک شعبے کی ترقی میں بڑا چیلنج: ثاقب علی عطیل

لاہور(بیورورپورٹ)سیکر ٹری لائیوسٹاک پنجاب ثاقب علی عطیل اورڈائریکٹر جنرل ریسرچ ڈاکٹر سجاد حسین نے حال ہی میں ترکیہ میں جاری تین روزہ بین الاقوامی TAFS فورم میں شرکت کی۔ یہ فورم جانوروں کی صحت اور خوراک کی حفاظت سے متعلق عالمی سطح کے چیلنجز پر غور و خوض اور مشترکہ حل تلاش کرنے کے لیے ایک موثر پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔ٹرانس بائونڈری اینیمل ڈیزیز اینڈ فوڈ سیفٹی فورم میں دنیا بھر سے سرکاری و نجی شعبے کے نمائندگان، سائنسی ماہرین اور پالیسی ساز شریک ہوئے۔ اجلاس میں سرحد پار جانوروں کی بیماریوں (TADs) کی روک تھام اور کنٹرول کے لیے مربوط عالمی حکمت عملیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سیکرٹری لائیوسٹاک ثاقب علی عطیل اور ڈائریکٹر جنرل ریسرچ ڈاکٹر سجاد حسین نے اس بین الاقوامی فورم میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے جانوروں کی صحت، خوراک کی سلامتی اور پائیدار زراعت سے متعلق ملکی اقدامات اور ترجیحات کو اجاگر کیا۔ ان کی شرکت پاکستان کے لائیوسٹاک سیکٹر کی عالمی سطح پر شمولیت، تعاون اور سائنسی تحقیق سے استفادہ کی پختہ عزم کی غمازی کرتی ہے۔فورم کے دوران خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری لائیوسٹاک ثاقب علی عطیل نے کہا کہ منہ کھر(Foot and Mouth Disease) پاکستان کے لائیوسٹاک شعبے کی ترقی میں ایک بڑا چیلنج ہے۔ انہوں نے اس بیماری پر قابو پانے کے لیے ویکسینیشن کی اہمیت اور “منہ کھر سے پاک کمپارٹمنٹ” کے قیام کی ضرورت پر زور دیا تاکہ برآمدی مواقع کو فروغ دیا جا سکے اور مقامی معیشت کو استحکام حاصل ہو۔اس حوالے سے سیکرٹری لائیو سٹاک نے مزید کہا کہ منہ کھر بیماری کو کنٹرول کرنے اور لائیو سٹاک سیکٹر کو فروغ دینے کے لیے موجودہ پنجاب حکومت انتہائی موثر اقدامات لے رہی ہے، حکومت پنجاب نے 6 بلین روپے سے زائد فنڈز منہ کھر بیماری سے پاک کمپارٹمنٹ اور زونز کے قیام اور ویکسینیشن کے لیے مختص کر دیئے ہیں۔ مزید برآں پچھلے چند سالوں میں محکمہ لائیو سٹاک نے لمپی سکن ڈزیز جو کہ ایک ٹرانس باونڈری ڈیزیز ہے کو اپنی جامع حکمت عملی کے ذریعے کنٹرول کیا ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں