آج کی تاریخ

ملتان پولیس کی رمضان ڈیوٹی شہری لٹتے رہے مقدمے عید کے بعد درج: خفیہ رپورٹ

ملتان(عدنان فاروق قریشی سے)رمضان المبارک میں شہر میں چوری،ڈکیتی،رہزنی سمیت دیگر سنگین واقعات میں اضافہ اور شہریوں کو بروقت انصاف نہ ملنے کی وجہ منظر عام پر آگئی،ایک حساس ادارے نے اپنی خفیہ رپورٹ افسران بالا کو بھجوا دی۔باوثوق ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ملتان کے ایک حساس ادارے نے آئی جی پولیس پنجاب کو بھجوائی گئی اپنی ایک خفیہ رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ ملتان شہر اور ارد گرد کے علاقوں میں رمضان المبارک میں چوری،ڈکیتی،رہزنی،قتل و غارت سمیت دیگر سنگین واقعات میں بے پناہ اضافہ اور شہریوں کو بروقت انصاف نہ ملنے کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ رمضان المبارک میں ایس ایچ اوز،تفتیشی افسران اور کانسٹیبلز رمضان کی ڈیوٹیوں میں مصروف رہے جسکی وجہ سے نہ تو وہ تھانے کو صحیح معنی میں ٹائم دے سکے اور نہ ہی گشت کے نظام کو بہتر طور پر کیا جا سکا،یہی وجہ ہے کہ شہریوں کے بروقت مقدمات بھی درج نہ ہوسکے ہیں جبکہ جرائم پیشہ افراد کھل عام بلا خوف و خطر اپنی سرگرمیوں میں مصروف رہے ہیں۔انہوں نے اپنی رپورٹ میں اس بات کا بھی انکشاف کیا کہ رمضان المبارک میں ہونے والے واقعات کے پولیس اب روزانہ کی بنیاد پر مقدمات کا اندراج کررہی ہے۔پولیس کے ایک انسپکٹر نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے پر بتایا کہ ہمیشہ غصہ رینکرز پر ہی نکلتا ہے حالانکہ فیلڈ ڈیوٹی سب سے زیادہ وہی لوگ دیتے ہیں۔اس نے بتایا کہ رمضان میں وہ بازاروں کی سیکیورٹی کے ساتھ انہوں نے پنجگانہ نمازیں بھی پڑھائی،نفری کی بھی کمی ہے۔ اس کے باوجود بھی انہوں نے گشت ڈیوٹی بھی دی اور وارداتیں ہونے پر افسران کی ڈانٹ ڈپٹ کا بھی انہی کو سامنا کرنا پڑا جبکہ سی ایس پی کلاس دفاتر میں بیٹھ کر حکم نامے صادر فرماتی رہتی ہے۔انہوں نے آئی جی پولیس پنجاب سے نفری کو بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں