آج کی تاریخ

ملتان: پولیس سپیشل برانچ کے 10 رکنی گینگ کی تلاشی کے بہانے گھروں میں لوٹ مار

ملتان (کرائم سیل) پولیس کے مختلف شعبوں اور سپیشل برانچ کے ملازمین کے ایک ایسے گروہ کا انکشاف ہوا ہے جس میں چار خواتین بھی ہیں اور یہ 10 رکنی گینگ ملتان شہر اور گرد و نواح میں مختلف باعزت گھرانوں میں تلاشی کے بہانے داخل ہو کر لوٹ مار کرکے سونا ،نقد رقم، زیورات اور پراپرٹی کے کاغذات اٹھا لیتاہے پھر گھر والوں کو بلیک میل کرکے لاکھوں روپے الگ سے بٹورتے ہیں اور اگر پیسے نہ ملیں تو اپنے مختلف تھانوں میں تعینات ٹاؤٹوں کے ذریعے ان پر خطرناک نوعیت کے مقدمات درج کروا کر جیل بھجوا دیتے ہیں۔ اس گینگ نے 31 اگست بروز اتوار قاسم پور نہر کے کنارے واقع ہاشمی کینال ویو سوسائٹی میں مقامی تاجر محمد دانش ولد حفیظ الرحمٰن کے گھر پولیس کے ڈالے میں ریڈ کیا اور ڈھائی گھنٹے تک چار باوردی لیڈی کانسٹیبلان، چار پولیس ملازمین اور چار سول کپڑوں میں ملبوس افراد پر مشتمل اس گینگ نے محمد دانش کے گھر میں بدتمیزی کی انتہا کر دی۔ خواتین اور بچوں سے موبائل چھین لیے۔ انہیں کمرے میں بند کر دیا ۔گھر سے ڈھائی لاکھ روپے نقد، نو لاکھ روپے کا تین تولے سونے کا سیٹ، لائسنسی پسٹل اور دیگر قیمتی سامان اٹھا لیا جبکہ اس گینگ نے گھر میں داخل ہوتے ہی سب سے پہلے موبائل کیمرے اور ڈی وی آر توڑ کر اکھاڑ لیا اور گاڑی میں رکھ لی پھر گھر کے ایک ایک کمرے کی چھان بین کی ۔سامان اٹھا کر باہر پھینکا ،الماریاں توڑی اور محمد دانش کو کہا کہ تمہارے دہشت گردوں سے تعلقات ہیں اور تم جرائم پیشہ افراد سے تعلق رکھتے ہو، ہمارے پاس پکی مخبری ہے۔ ہمارا سپیشل برانچ سے تعلق ہے اور پھر محمد دانش کو ساتھ لے کر تین گھنٹے تک ملتان شہر میں مختلف سڑکوں پر پھرتے رہے اور اس سے سودے بازی کرتے رہے ۔آر پی او ملتان کے نام دی گئی درخواست کا متن حسب ذیل ہے۔بخدمت جناب آر پی او صاحب ملتان ،جناب عالی مودبانہ گزارش ہے کہ سائل محمد دانش ولد حفیظ الرحمٰن سکنہ ہاشمی کینال ویونزد قاسم پور نہر مکان نمبر1 کا رہائشی و سکونتی ہوں۔ جناب والد سائل ایک باعزت اور شریف شہری ہے اور غلہ منڈی میں سائل کا کاروبار ہے۔ جناب والا صبح تقریبا ًساڑھےدس بجے سائل کے گھر سات آٹھ پولیس اور چار پانچ لیڈیز پولیس اور چار افراد سول وردی میں آئے اور کہا کہ ہم سپیشل برانچ سے آئے ہیں اور سرچ آپریشن کرنا ہے ۔میں نے کہا کہ اگر آپ نے سرچ آپریشن کرنا ہے تو میں گھر میں موجود خواتین کا پردہ کرواتا ہوں تو آپ کر لو، تو سپیشل برانچ والوں نے سائل کے گھر کی چار دیواری پامال کرتے ہوئے اور پردہ کروائے بغیر سائل کے گھر کے اندر گھس گئے اور سرچ آپریشن شروع کر دیا اور سائل کے گھر سے ڈی وی آر اتار لی اور سائل سے پوچھا کہ آپ کے پاس اسلحہ ہے تو سائل نے کہا کہ میرے پاس لائسنس والا اسلحہ ہے اور سرچ آپریشن والوں نے سائل کے پاس لائسنس والا موجود پسٹل اپنے قبضے میں لے لیا اور سائل اور سائل کے بیوی بچوں کو ایک ہی کمرے میں بٹھا دیا اور سارے گھر کی چھان بین شروع کر دی اور سائل کے گھر میں موجود رقم مبلغ ڈھائی لاکھ روپے اور سائل کے پاس موجود سونے کے تین سیٹوں میں سے ایک عدد سونے کا سیٹ ڈھائی تولے جس کی مالیت نو لاکھ پچاس ہزار روپے ہے ،سائل کے گھر سے اٹھا لیا اور سائل کو بلیک میل کرنا شروع کر دیا اور کہا کہ آپ دو نمبر کاروبار کرتے ہو اور مجھے کہا کہ تمہاری دو تین کوٹھیاں ہیں جبکہ سائل کا ایک ہی گھر ہے اور سائل کا غلہ منڈی میں کاروبار ہے جس سے سائل اپنے اور اپنے بچوں کی روزی روٹی کرتا ہے۔ جناب والا سرچ آپریشن والے مجھے ڈالے میں بٹھا کر اپنے ساتھ بہانے سے لے گئے اور 15 سے 20 منٹ تک چکر لگاتے رہے اور کہا کہ ہمارے پاس تمہاری ویڈیو پسٹل کے ساتھ ہے۔ سائل نے کہا کہ میری 13 سال پرانی ویڈیو تھی تو الزام علیہان سائل کو بلیک میل کرتے رہے اور کہتے رہے کہ ہمارے ساتھ مک مکاکر لو۔ سائل نے کہا کہ میں کس طرح کا مک مکا کر لوں، میں ایک باعزت کاروبار ی ہوں، میرا نہ تو کوئی ناجائز کاروبار ہے نہ ہی میں کسی بھی قسم کی کوئی غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہوں۔ جناب والا میرے خلاف کسی بھی قسم کی نہ تو کوئی ایف آئی آر درج ہے۔ جناب والا سرچ آپریشن والوں نے مجھے کہا کہ ہم سب کا سرچ آپریشن کر رہے ہیں لیکن ایسا کچھ بھی نہ تھا بلکہ سرچ آپریشن والوں نے سائل کے گھر میں تسلی سے سرچ آپریشن کیا لیکن سائل کے گھرسے ایسی کوئی بھی غیر قانونی چیز برآمد نہ ہوئی اور سائل کے گھر میں موجود رقم اور گھر کی چار دیواری پامال کر کے سخت زیادتی کی ہے۔ جناب سے گزارش ہے کہ الزام علیہان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لا کر مجھے میری رقم واپس دلوائی جائے۔ جناب کی عین نوازش ہوگی۔ العارض محمد دانش ولد حفیظ الرحمٰن۔

تاجر دانش تفصیلات بتاتے ہوئےدوسری جانب ڈالے اور موٹرسائیکل پر سوار پولیس اہلکار دھاوا بولتے ہوئے

شیئر کریں

:مزید خبریں