آج کی تاریخ

ملتان: مزید فراڈ ویب سائٹس شہریوں کو لوٹنے میدان میں آگئیں ،این ایف ٹی نئے نام سے لانچ

ملتان(سپیشل رپورٹر)این ایف ٹی فراڈ کیس کے بعد مزید ویب سائٹس بھی سامنے آگئیں۔ فراڈیوں کی جانب سے شہر بھر کے مختلف علاقوں میں ہورڈنگ بورڈز بھی لگا دیئےگئے۔ ایچ اے ایچ ایم اور ای ٹوبیٹ نامی ویب سائٹس بھی سادہ لو ح شہریوں کو جھانسہ دینے میں مصروف ہیں۔ واضح رہے کہ ٹریژر این ایف ٹی نے بھی نیا پراجیکٹ این ایف ٹی گولڈ لانچ کر کے صارفین کو نیا جھانسہ دے دیا ہے۔ گزشتہ چند روز کے دوران این ایف ٹی پر 50 ارب روپے سے زائد کی رقم شہریوں کی جانب سے عید بونس ملنے کی وعدہ پر جھونک دی گئی ہے جبکہ مذکورہ کمپنی نے ویب سائٹ سے ودڈرا کا آپشن بھی ختم کر دیا ہے۔ دنیا بھر میں ٹریژر این ایف ٹی کی صارفین کی تعداد دو ملین سے زائد ہے جبکہ ایچ اے ایچ ایم اورE2BET نامی ویب سائٹس بھی عوام کو رقم ڈبل کرنے کا جھانسہ دے رہے ہیں۔ سوشل میڈیا پر صارفین نے شکایات کے انبار لگا دیئے ہیں۔ بعض شہریوں کا کہنا ہے کہ جانور ،موٹر سائیکل اور قیمتی چیزیں بیچ کر این ایف ٹی میں رقم لگائی مگر عید الفطر پر میگا فراڈ کیس کے مرکزی ملزمان کے خلاف کارروائی کے لیے کوئی سرکاری ادارہ تاحال متحرک نہیں ہوا ہے۔ ملتان کے بعض مقامات پر ایسے سائن بورڈ بھی موجود ہیں جن میں شہریوں کو رقم ڈبل کرنے کے لیے لالچ دیا گیا ہے۔ ملتان انتظامیہ بھی اس حوالے سے تاحال خاموش ہے اور ایسے فراڈ گروہوں کے سائن بورڈ لگانے والوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔

شیئر کریں

:مزید خبریں