آج کی تاریخ

معمولی کمی ناقابلِ قبول، تاجروں کا پٹرول اور بجلی کی قیمتوں پر شدید ردعمل

اسلام آباد: آل پاکستان انجمن تاجران اور ٹریڈرز ایکشن کمیٹی نے پٹرول کی قیمت میں محض ایک روپے کمی کو عوام کے ساتھ مذاق قرار دیتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف سے بجلی اور پٹرول سستا کرنے کے وعدے کو پورا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
آل پاکستان انجمن تاجران اور ٹریڈرز ایکشن کمیٹی اسلام آباد کے صدر اجمل بلوچ، سیکریٹری اور کنوینئر ٹریڈرز کمیٹی آئی سی سی آئی خالد چوہدری سمیت دیگر تاجر رہنماؤں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ گزشتہ ایک ماہ سے یہ تاثر دیا جا رہا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف بجلی کے نرخوں میں نمایاں کمی کا اعلان کرنے والے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پٹرول کی قیمت میں 17 روپے فی لیٹر کمی کی تجویز دی گئی تھی، لیکن بجلی کے نرخوں کی وجہ سے اس پر عملدرآمد نہیں ہو سکا۔ گزشتہ روز بجلی اور پٹرول کی قیمت میں محض ایک روپے کمی کا اعلان کیا گیا، جو عوام کے ساتھ سنگین مذاق کے مترادف ہے۔
تاجر رہنماؤں نے مزید کہا کہ بجلی اور پانی کے وزیر کو تو بلوں میں شامل ٹیکسز کے بارے میں مکمل معلومات تک نہیں ہیں۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ مفت بجلی عوام پر ایک بڑا بوجھ ہے، جس کے تحت تقریباً 700 ارب روپے کی بجلی مفت استعمال کی جاتی ہے۔ اسی طرح، سولر سسٹم پر ٹیکس عائد کرنا سرمایہ کاری کے خلاف ایک سازش کے مترادف ہے۔
آل پاکستان انجمن تاجران نے وزیراعظم شہباز شریف سے اپیل کی ہے کہ وہ بجلی اور پٹرول کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے اپنے وعدے کو عملی جامہ پہنائیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں