آج کی تاریخ

متحدہ عرب امارات کے سفیر کی پاکستانیوں کے لیے ویزا سے متعلق خوشخبری

کراچی: متحدہ عرب امارات نے پاکستانی شہریوں کے لیے ویزے کی شرائط سخت کرنے کے بعد خوشخبری سناتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اب پاکستانی 5 سالہ ویزے کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔
گورنر ہاؤس کراچی میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حمد عبید الزعابی نے گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سے ملاقات کے دوران یہ اعلان کیا۔ اس موقع پر قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتی بھی موجود تھے۔
سفیر حمد عبید الزعابی نے گورنر سندھ کو کراچی میں واقع متحدہ عرب امارات کے ویزا سینٹر کے دورے کی دعوت دی اور گورنر کے اعلان کردہ اقدامات میں بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔
گورنر ہاؤس کے دورے میں اماراتی سفیر نے شجرکاری مہم میں حصہ لیا اور پرچم کشائی کی تقریب میں بھی شرکت کی۔ اس دوران انہوں نے مہمانوں کی کتاب پر اپنے تاثرات بھی تحریر کیے اور اس تقریب کو دونوں ممالک کے درمیان دوستی کی علامت قرار دیا۔
اس اعلان کے ساتھ ہی متحدہ عرب امارات کے حکام نے تصدیق کی ہے کہ اس وقت پاکستانی شہریوں پر ویزے کی کوئی پابندی نہیں ہے۔
وزارت خارجہ کے مطابق، 5 سالہ ویزے کے لیے درخواست دینے والوں کو واپسی کا ٹکٹ، ہوٹل کی بکنگ، جائیداد کے ثبوت اور 3 ہزار اماراتی درہم جمع کرانا ضروری ہوگا۔
یاد رہے کہ پچھلے چند برسوں میں پاکستانی شہریوں کو جعلی دستاویزات، ویزے کی معیاد ختم ہونے کے بعد بھی قیام اور سوشل میڈیا کے غلط استعمال کے باعث ویزے کے حصول میں مشکلات کا سامنا رہا تھا، جس پر پاکستانی سفارت خانے نے ابوظبی میں متحدہ عرب امارات کے حکام سے بات چیت کی تھی۔

شیئر کریں

:مزید خبریں