ملتان ( ایڈیٹر پولیٹیکل ڈیسک ) بھارت کی جانب سے پاکستان پر بزدلانہ حملے کے بعد پوری قوم متحد پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہو گئی۔ جوابی کارروائی میں بھارت کے دانت کھٹے کرنے پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اس موقع پر روزنامہ قوم سے بات چیت کرتے ہوئے اپنے سخت ردعمل کا اظہار کیا ۔وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے صدر مولانا مفتی محمد تقی عثمانی،ناظم اعلیٰ وفاق المدارس مولانا قاری محمد حنیف جالندھری نے رات کے اندھیرے میں انڈیا کی طرف سے پاکستان پر بزدلانہ حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے اس کا منہ توڑ جواب دینے کی ضرورت پر زور دیا-انہوں نے کہا کہ انڈیا کی طرف سے اشتعال انگیز حملے جنگ کی آگ بھڑکانے کی کوشش ہے جس کا بروقت تدارک از حد ضروری ہے۔وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے قائدین نے انڈیا کی طرف سے مساجد کو چن چن کر نشانہ بنانے کو اس معاملے کی سنگینی میں اضافے کا ذریعہ قرار دیا انہوں نے کہا کہ سیکولرازم کے دعویٰ کے باوجود انڈیا میں بابری مسجد سمیت کئی مساجد اور کرسچن کمیونٹی کی عبادت گاہوں کو نشانہ بنانے والے انڈیا نے اب ایک خود ساختہ کہانی اور بے بنیاد الزامات کی بنیاد پر پاکستان کے نہتے اور بے گناہ لوگوں پر حملے کرکے اور مساجد کو نشانہ بنا کر اپنی اصلیت کو مزید بے نقاب کر دیا ہے۔وفاق المدارس کے قائدین نے پاک فوج بالخصوص پاک فضائیہ کے شاہینوں کی بروقت جوابی کارروائی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پاک فوج کی فتح و نصرت کے لیے خصوصی دعا کی۔وفاق المدارس کے قائدین نے پوری قوم سے اس اہم موقع پر اتحاد و یک جہتی کا مظاہرہ کرنے اور قومی بیانیہ کو سپورٹ کرنے کی تلقین کی۔انہوں نے ملک بھر کی مساجد کے آئمہ و خطباء اور مدارس کے منتظمین کے نام ہدایات جاری کیں کہ وہ وطن عزیز کی حفاظت،پاک فوج کی نصرت،شہداء کی بخشش اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کریں۔پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب نے بھارت کی جانب سے رات کی تاریکی میں کیے گئے بزدلانہ اور بلا اشتعال حملے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے جنوبی ایشیاء کے امن کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا ہے۔پیپلز پارٹی کے صدر جنوبی پنجاب و سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود، سینئر نائب صدر خواجہ رضوان عالم نے اپنے ردعمل میں کہا کہ بھارتی جنگی جنون نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ بھارت خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے کا ذمہ دار ہے۔رہنماؤں نے کہا کہ بھارتی جارحیت نہ صرف بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے بلکہ ایک خودمختار ریاست کے اندرونی معاملات میں مداخلت کے مترادف ہے۔ بھارتی قیادت یہ جان لے کہ پاکستان کی سرزمین مقدس ہے، اس پر حملہ صرف جغرافیائی حدود پر نہیں بلکہ ہماری قومی غیرت، خودداری اور آزادی پر حملہ ہے — جس کا جواب دشمن کو ہر سطح پر ملے گا۔ہماری بہادر افواج نے دشمن کے ناپاک عزائم کو بروقت اور دلیری سے ناکام بنایا، اور ہم اپنے جانباز شاہینوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے پیشہ ورانہ مہارت سے دشمن کے طیارے مار گرائے اور اسے واضح پیغام دیا کہ پاکستان امن کا خواہاں ضرور ہے، مگر اپنی خودمختاری کے تحفظ کے لیے کسی حد تک بھی جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پوری قوم آج سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ دشمن کو یہ جان لینا چاہیے کہ پاکستانی قوم ہر جارحیت کا بھرپور جواب دینا جانتی ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ وطنِ عزیز کی خودمختاری، جغرافیائی سالمیت اور قومی وقار پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔رہنماؤں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارتی جارحیت اور شہری آبادی کو نشانہ بنانے جیسے انسانیت سوز اقدامات کا فوری نوٹس لےاور خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنی ذمہ داری پوری کرے۔پاکستان کی خودمختاری، سلامتی اور دفاع اولین ترجیح ہے۔ دشمن سن لے: ہر محاذ پر شکست اس کا مقدر بنے گا۔پیپلز پارٹی کے رہنما رانا طاہر رزاق نے کہا کہ بھارت نے بزدلانہ حملہ کیا ہے جس سے درجنوں افراد کی شہادت ہوئی ہے۔ رات کی تاریکی میں دشمن بھارت کے حملے کا پاک فوج نے منہ توڑ جواب دیا ہے ۔پاکستان مسلم لیگ ملتان کے ڈویژنل صدر ڈاکٹر خالد خان خاکوانی نے بھارتی میزائل حملوں میں معصوم شہریوںکی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بزدل بھارت کا معصوم بچوں خواتین اور شہریوں پررات کی تاریکی میں بزدلانہ حملہ ان کے نا پاک عزائم کو ظاہر کرتا ہے بھارت نے پاکستانی شہروں میں حملہ کر کے سرحدوں کی خلاف ورزی کی ہے افواج پاکستان نے بروقت اور موثر کارروائی کرتے ہوئے دشمنوں کو نیست ونابود کیا ہے اور بھارت کی متعدد چیک پوسٹوں، بر یگیڈ ہیڈ کوارٹر سمیت کئی بھارتی فوجیوں کو جہنم واصل کیا ہے۔ 5بھارتی فائٹر طیارے بھی مار گرائے ہیں۔ اب پاکستان کی باری ہے کہ وہ کہاں اور کب حملہ کرتے ہوئے ملک دشمنوں کو اس کا بھرپور جواب دے گا ہم پوری قوم معصوم شہریوں کی شہادت پر سوگوار ہے اور شہداء کے خاندانوں کے دکھ میں برابر شریک ہیں اب بدلے کا وقت آ گیا ہے ہم تمام قوم اپنی افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر کی قیادت پر بھرپور اعتماد کرتے ہیں اور دشمنوں کے نا پاک عزائم خاک میں ملانے کے لئے ہم وقت تیا رہیں پوری قوم کو اپنی فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیت پر اعتماد ہیں،پاکستان زندہ باد افواج پاکستان زندہ باد۔مرکزی جمعیت اہلحدیث کے صوبائی رہنما علامہ عنایت اللہ رحمانی نے کہا کہ بھارت ایک بزدل دشمن ہے۔جس نےرات کی تاریخی میں نہتے شہریوں کےگھروں پرحملہ کیاجسکی ہم بھرپورمذمت کرتے ہیں۔پاکستان کاہرشہری ملک وقوم کی سلامتی کیلئےاپناتن من دھن قربان کرنےکوتیارہے۔اورمفتی عبدالرحمان شاہین اور قاری ہدایت اللہ رحمانی نےکہاکہ تمام پاکستانی عوام پاک فوج کےشانہ بشانہ کھڑی ہے۔ ملتان کے سیاسی و سماجی رہنما کیپٹن ریٹائرڈ ناصر علی مہے نے کہا کہ پوری قوم پاک فوج کے ساتھ ہے۔ ہماری بہادر فوج نے جس طرح جوابی حملہ کر کے دشمن کو اس کی اوقات یاد د لائی ہے جس رافیل طیارے پر بھارت بھروسہ کر رہاتھا اور غرور میں مبتلا تھا ہمارے بہادر شاہینوں نے بھارت کا غرور خاک میں ملا دیا ہے۔ملی یکجہتی کونسل جنوبی پنجاب کے صدر حافظ محمد اسلم جماعت اسلامی ضلعی رہنما ڈاکٹر صفدر اقبال ہاشمی نے روزنامہ قوم سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے بزدلانہ حملہ کر کے جس جنگ کا آغاز کیا ہے اب اس کا اختتام پاک فوج کرے گی پوری قوم پاک فوج کے ساتھ ہے۔ ہماری فوج نے حملے کا بھرپور جواب دے کر دشمن کے دانت کھٹےکر دیے ہیں ۔پاکستان سنی علماء کونسل جنوبی پنجاب کے صدر رائو جاوید اقبال نے کہا پوری قوم متحد ہے پاک فوج کی پشت پر کھڑی ہے ۔بھارت نے حملہ کر کے معصوم اور بے گناہ مسلمانوں کا قتل کیا ہے اس کا جواب اسے ضرور ملے گا ہماری فوج بھرپور صلاحیتوں سے مالا مال ہے دشمن کو منہ کی کھانا پڑے گی ۔مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے صدر علامہ سید اقتدار حسین نقوی نے کہا ہے کہ بھارت بزدل دشمن ہے جس نے رات کی تاریکی میں بے گناہ نہتے مسلمانوں پر حملہ کیا ہے پاک فوج نے انکو کرارا جواب دے کر ثابت کر دیا ہے کہ پاک فوج پاکستان نہیں دنیا کی بہترین فوج ہے انہوں نے پاک فوج کی پشت پر پاکستان کی 24 کروڑ عوام کھڑی ہے ۔سرائیکی پارٹی کے مرکزی صدر ملک اللہ نواز اویس نے کہا کہ بھارت نے رات کی تاریکی میں حملہ کر کے اپنی بزدلانہ روایات کو زندہ کر دیا ہے۔ اس نے ماضی میں بھی رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے حملہ کیا لیکن اس بار پاکستان بہادر فوج نے ان کے حملے کا منہ توڑ جواب دیا اور اپنی عسکری صلاحیتوں کا لوہا منوا لیا ہے۔ممبر صوبائی اتحاد بین المسلمین کمیٹی پنجاب و تحفظ عزادری امام حسین کونسل کے صدر خاور حسنین بھٹہ نے کہا کہ بھارت کے بزدلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم متحد ہے حملے کا جواب دے کر پاک فوج کے جوانوں نے اپنی ماہرانہ صلاحیتوں کا لوہا منوا لیا ہے۔
