آج کی تاریخ

قومی اسمبلی کی کمیٹی کا ٹول پلازوں اور ناقص شاہراہوں پر اظہار تشویش

اسلام آباد: قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مواصلات نے ملک بھر میں ٹول پلازوں کے ناقص انتظامات اور سڑکوں کی غیر معیاری تعمیر پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
چیئرمین کمیٹی اعجاز حسین جاکھرانی نے اجلاس میں کہا کہ ٹول پلازوں کا مؤثر نظام نہ ہونے کے باعث ٹریفک جام معمول بن چکا ہے، خاص طور پر نئے ٹول پلازے مشکلات بڑھا رہے ہیں۔
اجلاس میں رکن کمیٹی رمیش لال نے انکشاف کیا کہ ایک بیوروکریٹ، جو ریلوے کے مقدمات کا سامنا کر رہا تھا، کو وزارت مواصلات میں ڈیپوٹیشن پر تعینات کر دیا گیا ہے۔
کمیٹی کے رکن نذیر احمد بگھیو نے کراچی کے سہراب گوٹھ پر جاری تعمیراتی کام پر اعتراض اٹھایا اور کہا کہ وہاں پرانی گاڑیاں کھڑی کر دی جاتی ہیں، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے۔
کمیٹی کے اراکین نے پی ایس ڈی پی منصوبوں پر عملدرآمد میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کیا اور کراچی کے دورے کا فیصلہ کیا۔ چیئرمین کمیٹی نے اعلان کیا کہ اسپیکر قومی اسمبلی کی اجازت سے اگلا اجلاس کراچی میں ہوگا۔
سندھ سے تعلق رکھنے والے اراکین نے صوبے میں انٹرچینج کی عدم تعمیر پر سخت احتجاج کیا۔ رمیش لال نے کہا کہ سندھ سے ریونیو حاصل کیا جاتا ہے لیکن ترقیاتی منصوبے صرف پنجاب میں مکمل کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیہون شریف سے دادو تک سڑک پر حالیہ دنوں میں دو بڑے حادثات پیش آ چکے ہیں۔
انہوں نے لاڑکانہ میں این ایچ اے کی تعمیر شدہ سڑک کی مثال دی، جو 26 دسمبر کو مکمل ہوئی اور محض دو دن بعد 28 دسمبر کو خراب ہو گئی، جسے ناقص تعمیرات کا واضح ثبوت قرار دیا گیا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں