آج کی تاریخ

قاسم باغ سٹیڈیم میں کرکٹ بحالی کا دعوی، تحصیل سپورٹس آفیسر کے گلے پڑ گیا

ملتان(شاہد صدیق/جنرل رپورٹر) انٹر نیشنل ٹیسٹ سنٹر قاسم باغ سٹیڈیم میں 30 برس بعد کرکٹ سٹیٹس کی بحالی کروانے کا دعویٰ ملتان ڈسٹرکٹ سپورٹس آفس کا عبوری چارج رکھنے والے تحصیل سپورٹس آفیسر عدنان نعیم کے گلے پڑ گیا،سیٹ خطرے میں پڑ گئی۔ ڈسٹرکٹ فٹ بال ایسوسی ایشن کے متحرک ہوتے ہی گیلانی خاندان اور ڈوگر خاندان بھی ایک پیج پر آ گئے اور قاسم باغ سٹیڈیم کو فٹ بال کا انٹرنیشنل سٹیڈیم قرار دینے کیلئے پنجاب کے اعلیٰ سپورٹس حکام سے ٹیلیفونک رابطے بھی کیے گئے ۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے علی قاسم ممبر قومی اسمبلی نے ملتان کی فٹ بال ایسوسی ایشن کی مرکزی قیادت سے ملاقات کے بعد واضح بیان جاری کردیا کہ قاسم باغ سٹیڈیم میں کرکٹ پچز بنانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ذرائع کے مطابق علی قاسم نے پنجاب کے اعلیٰ سپورٹس حکام سے رابطہ کیا اور اپنے تحفظات سے آگاہ کیا کہ میرے والد سید یوسف رضا گیلانی نے 2008ء میں وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد قاسم باغ سٹیڈیم کو انٹر نیشنل فٹ بال سٹیڈیم کا درجہ دینے کے ساتھ ساتھ 14کروڑ روپے کے فنڈز کا اعلان کیا اور 7 کروڑ روپے جاری بھی کردیئے گئے تھے اور قاسم سٹیڈیم کو فٹ بال کا عالمی سطح کا سٹیڈیم بنانے کیلئے تعمیرات کا آغاز بھی کردیا گیا۔ سٹیڈیم پویلین کی پرانی عمارت بھی گرا دی گئی تھی اور اب جو نئی جدید عمارت بنائی گئی ہے یہ ہمارے بین الاقوامی فٹ بال سٹیڈیم منصوبہ کا حصہ تھی۔ دوسری جانب ملک عامر ڈوگر جن کا خاندان فٹ بال کی پروموشن میں پیش پیش رہا ہے۔ انہوں نے سپورٹس آفیسر عدنان نعیم کو ٹیلیفون کال کرکے ناراضگی کا اظہار کیا ہے اور کہا کہ فٹ بال کا انٹرنیشنل میدان بننے کے بعد کیسے اور کیونکر کرکٹ سٹیٹس کی بحالی کا اعلان اور تین پچز کی تیاری کا آغاز کیا گیا ہے۔ دریں اثناء عدنان نعیم نے اپنے ایک سوشل میڈیا انٹرویو میں دعویٰ کیا ہے کہ ان کی تجویز اور تحریک پر ہی قاسم باغ سٹیڈیم میں 30 برس بعد پنجاب کے اعلیٰ سپورٹس حکام نے کرکٹ سٹیٹس کو بحال کیا ہے ۔یہ انٹرویو سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی ڈسٹرکٹ فٹ بال ایسوسی ایشن کی قیادت سیخ پا ہو گئی اور سپورٹس آفیسر عدنان نعیم کے خلاف محاذ کھول لیا دوسری جانب عدنان نعیم کے قریبی حلقوں کا کہنا ہے کہ عدنان نعیم نے بھی جوابی کارروائی کے طور پر ڈسٹرکٹ فٹ بال ایسوسی ایشن سے سپورٹس کمپلیکس ملتان میں قائم فٹ بال کا دفتر واگذار کروانے کی دھمکی دے دی ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں