آج کی تاریخ

غزہ: اسرائیلی بربریت جاری، شہید فلسطینیوں کی تعداد 50 ہزار سے تجاوز

غزہ میں 7 اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 50 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق 17 ماہ سے جاری بمباری اور حملوں میں 50,021 فلسطینی شہید جبکہ 113,274 زخمی ہو چکے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں بھی اسرائیلی حملوں میں 41 فلسطینی شہید اور 61 زخمی ہوئے۔
حکام نے مزید بتایا کہ شہدا کی فہرست میں 233 ایسے افراد کو بھی شامل کیا گیا ہے جو پہلے لاپتا تھے، مگر بعد میں ان کی شہادت کی تصدیق ہو گئی۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ میں جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک بار پھر زمینی اور فضائی حملے کیے جا رہے ہیں۔ 18 مارچ سے اب تک ان حملوں میں 673 فلسطینی شہید اور 1,233 زخمی ہو چکے ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق یہ اعداد و شمار ایک محتاط اندازہ ہیں، کیونکہ متعدد افراد ایسے بھی ہیں جنہیں رجسٹر کیے بغیر دفنا دیا گیا یا جو ملبے تلے دب کر لاپتا ہو چکے ہیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں